محبوب نگر میں ٹریپل آئی ٹی کا آئندہ تعلیمی سال سے آغاز

   

ضلع میں قومی سطح کے تعلیمی اداروں کے قیام کے وعدہ کی عنقریب تکمیل، رکن اسمبلی کا تیقن
محبوب نگر۔ 4؍مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ میں نے انتخابات کے وقت جو وعدہ کیا تھا، اس کو پورا کرتے ہوئے آج خوشی محسوس کررہا ہوں۔ ضلع میں قومی سطح کے تعلیمی ادارہ کے قیام کا وعدہ مکمل ہونے کو ہے۔ محبوب نگر میں ٹریپل آئی ٹی (انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انفیرمیشن ٹکنالوجی) کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ یہ وضاحت مقامی ایم ایل اے یینم سرینواس ریڈی نے اپنے کیمپ آفس میں ایک پریس کانفرنس میں کی۔ ٹریپل آئی ٹی کی منظوری کے لئے ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے تفصیلی بات ہوئی تھی۔ میں چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتا ہوں۔ ایم ایل اے نے بتایا کہ مذکورہ کالج باسر ٹریپل آئی ٹی طرز پر ہوگا۔ آئندہ تعلیمی سال سے کورس کا آغاز متوقع ہے۔ اس کالج کے لئے 40 تا 50 ایکر اراضی مختص کی جائے گی۔ اس ضمن میں ضلع کلکٹر و متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ ٹریپل آئی ٹی باسر کے وائس چانسلر کی ٹیم نے ضلع میں کئی ایک مقامات کا معائنہ کیا۔ بہت جلد موزوں مقام کا انتخاب کرلیا جائے گا۔ ایم ایل اے نے ضلع کے دیگر ایم ایل ایز جی مدھوسدن ریڈی اور انیرودھ کا بھی تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ تعلیمی نقشہ پر محبوب نگر کو پہلا مقام دلانے کے لئے مسلسل کوشش جاری ہے۔ چیف منسٹر نے انٹر اسٹیٹ بس اسٹانڈ کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر سینئر کانگریس قائدین ونود کمار، نرسمہا ریڈی، لکشمن یادو، اویس، کرشنیا یادو، سنجیوا ریڈی، سرینواس یادو اور دیگر موجود تھے۔