محبوب نگر میں کانگریس کو دھکہ

   

Ferty9 Clinic

سینئر لیڈر راجیو وردھن ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) محبوب نگر ضلع میں کانگریس پارٹی کو اس وقت دھکہ لگا جب پارٹی کے سینئر قائد راجیو وردھن ریڈی نے استعفی پیش کردیا۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا اور صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین نے کے سی آر سے ملی بھگت کے ذریعہ ٹکٹوں کی تقسیم میں پارٹی کے اہم قائدین کو محروم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی قیادت نے کارکنوں کے جذبات کا استحصال کرتے ہوئے فیصلے لئے ہیں جس سے کارکنوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ارکان اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی لیکن ہائی کمان تماش بین بنا رہا۔ ریاستی قائدین بھی ارکان اسمبلی کو روکنے میں ناکام رہے۔ راجیو وردھن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹی آر ایس کا واحد متبادل صرف بی جے پی ہے۔ محبوب نگر میں پارٹی کی گروہ بندیوں کے بارے میں ہائی کمان کو بارہا نمائندگی کی گئی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ راجیو وردھن ریڈی بی جے پی کے ورکنگ پریسیڈنٹ جے پی نڈا کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ ان کے ہمراہ کانگریس کے دیگر قائدین بھی بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔