محبوب نگر میں کورونا متاثرین کے علاج کیلئے تمام سہولتیں دستیاب

   

غیر ضروری افواہوں پر کارروائی کی ہدایت ‘ عہدیداروں کے اجلاس سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

محبوب نگر ۔ روز بہ روز بڑھتے کورونا کسیس سے عوام کو تشویش میں مبتلاء ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کیونکہ کورونا متاثرین کے بہترین علاج کے لئے تمام سہولتیں محبوب نگر میں موجود ہیں ۔ یہ مشورہ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں کورونا سے متاثرین کے لئے 100 بستروں پر مشتمل وارڈ موجود ہے جہاں 67 وینٹی لیٹرز کے ساتھ مستعد عملہ بھی ہے اس کے علاوہ 26 پرائمری ہیلتھ سنٹرز پر بھی طبی عملہ کورونا مریضوں کے علاج کے لئے تیار ہے انہوں نے واضح کیا کہ پیر کے دن سے ایس وی ایس ہاسپٹل محبوب نگر میں بھی کورونا معائنوں کی سہولت رہے گی اور پازیٹیو مریضٰوں کو کورنٹائن کیا جائیگا اور ان مریضوں میں دوائیں بھی مفت تقسیم کی جائیں گی ۔ مریضوں کی منتقلی کے لئے 108 اور 104 ایمبولنس گاڑیاں تیار ہیں جو نہ صرف عملہ بلکہ ضروری سہولتوں سے بھی آراستہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن متاثرین کے مکانات چھوٹے ہیں اور مریضوں کو علحدہ کورنٹائن مشکل ہے ان کو قریبی اسکولس میں کورنٹائن کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 5 لاکھ انجکشن مریضوں کے لئے مزید رکھے ہیں ۔ متاثرین کو حیدرآباد کے طرز پر سہولتیں محبوب نگرفراہم کئے جانے کے اقدامات جاری ہیں اور پہلے سے موجود 100 بیڈز میں مزید 120 کا اضافہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سروینٹس اور پینشنرس ویلینس سنٹر سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ شبہ کی صورت میں ٹسٹ کروایا جائیگا ۔اگر پازیٹیو رپورٹ آتی ہے تو ان کے علاج کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے طبی عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ادویات اور میوہ وغیرہ کی تقسیم کے لئے بیاگس تیار کریں ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہربیڈ پر آکسیجن کی سہولت فراہم کریں ۔ انہوں نے غیر ضروری افواہیں پھیلاتے ہوئے کورونا سے خوفزدہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی اور کلکٹر کو ہدایت دی کہ ایک ٹول فری نمبر کا انتظام کریں اور تمام عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایک دوسرے کے تعاون اور اشتراک سے کام کریں ۔ اجلاس میں ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ ‘ ایڈیشنل کلکٹر سیتاراماراؤ آر ڈی او سرینواس ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رام کشن اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔