ایس وی ایس ہاسپٹل کا معائنہ اور میڈیا سے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی بات چیت، کرفیو کی خلاف ورزی پر برہمی
محبوب نگر : عوام کورونا سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ اس سے محفوظ رہنے کی تدابیر اختیار کریں۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے آج صبح مستقر محبوب نگر کے ایس وی ایس ہاسپٹل میں کوویڈ وارڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے ہاسپٹل میں شریک مریضوں کی صحت کے بارے میں واقفیت حاصل کی اور ہاسپٹل میں آکسیجن اور دیگر ادویات کی تفصیلات بھی میڈیکل آفیسر سے حاصل کیں۔ انھوں نے بتایا کہ کورونا پر قابو پانے کے لئے ضلع میں تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گورنمنٹ ہاسپٹل کے ساتھ ساتھ ایس وی ایس ہاسپٹل میں بھی 100 مریضوں کا کوویڈ وارڈ موجود ہے۔ گورنمنٹ ہاسپٹل میں بڑی تعداد میں بیڈس، آکسیجن اور دوائیں موجود ہیں۔ عوام تشویش کا شکاکر نہ ہوں اور غفلت نہ برتیں۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ کورونا کی معمولی سی علامت ظاہر ہونے پر ڈاکٹر سے رجوع ہوں اور ٹسٹ کروالیں۔ گورنمنٹ اور ایس وی ایس ہاسپٹل کے علاوہ دیگر خانگی دواخانوں میں بھی یہ خدمات موجود ہیں، عوام استفادہ کریں۔ ریاستی وزیر نے ایس وی ایس کورونا وارڈ کے معائنہ کے بعد وہاں کے انتظامات پر اطمینان ظاہر کیا۔ ان کے ہمراہ ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر کرشنا، ایس وی ایس پی آر او کیرون و دیگر موجود تھے۔ دریں اثناء کورونا کے کیسیس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے رات کا کرفیو نافذ کیا ہے۔ عوام کرفیو کے نفاذ میں تعاون کریں۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ہفتہ کی شب کرفیو کے اوقات کے دوران کلاک ٹاور اور کلکٹریٹ چوراہا پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کی۔ انھوں نے سڑکوں پر جارہے موٹر سائیکلس اور دیگر گاڑیوں کو روک کر پوچھ تاچھ کی اور کرفیو کی اس طرح خلاف ورزی پر برہم ہوئے۔ انھوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ کرفیو کے اوقات میں بلاضرورت باہر آنے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کرلیں۔ رات 9 تا صبح 5 بجے کرفیو کی پابندی ضروری ہے۔ انھوں نے ضلع ایس پی کو ہدایت دی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ، ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو، میونسپل کمشنر نرسمہلو و دیگر موجود تھے۔