محبوب نگر میں یوم دستور پروگرام کا انعقاد

   


محبوب نگر۔/26 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دستور کے دائرہ میں رہ کر کام کرنے کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ایس پی راملو نے کیا۔ وہ آج یوم دستور کے موقع پر مستقر محبوب نگر کے پولیس ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پروگرام سے مخاطب تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دستور میں موجود حقوق سے واقف ہونے کے ساتھ ساتھ ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے خدمت کرتے ہوئے ملک کو حقیقی ترقی دلوائی جاسکتی ہے۔ ایڈیشنل ایس پی نے ملک کے مجاہدین آزادی اور دستور سازی میں حصہ لینے والے دانشوروں کی ستائش کی۔ انہوں نے دستور ہند کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور پولیس عملہ کو دستور کے دائرہ میں رہتے ہوئے کام کرنے کا حلف دلایا۔ انہوں نے قبل ازیں ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر پرپھول مالا چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ پروگرام میں ڈی ایس پیز رمنا ریڈی، آدی نارائنا، سرینواسلو، انسپکٹرز سریش، اپلانائیڈو کے علاوہ دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے۔