پولیس کے سخت بندوبست میں ووٹوں کی گنتی کی تکمیل
محبوب نگر ۔ 13 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جو 11 فروری کو منعقد ہوئے تھے۔ آج صبح سے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ آج صبح پہلے مرحلہ میں کارپوریشن کے 60 ڈیویژنس میں سے 1 تا 30 ڈیویژنس کے ووٹوں کی گنتی اور اعلان سہ پہر 3 بجے ہوچکا باقی 31 تا 60 ڈیویژنس کے ووٹوں کی گنتی اب بھی جاری ہے۔ کانگریس امیدواروں نے سب سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور نصف یعنی 15 نشستوں پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ 8 ڈیویژنس میں کامیابی کے ساتھ بی آر ایس دوسرے نمبر پر ہے اور 5 نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوئی ہے جبکہ ایک پر مجلس اور ایک پر آزاد امیدوار منتخب رہے۔ اس کے علاوہ ضلع کی دیگر بلدیات دیورکدرہ میں ٹکر کا مقابلہ دیکھنے کو ملا کانگریس 6 اور بی آر ایس 6 پر کامیاب جبکہ ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا جبکہ بھوت پور بلدیہ میں کانگریس واضح اکثریت حاصل کرچکی ہے۔ عوامی حلقوں میں سنا جارہا ہیکہ محبوب نگر کارپوریشن میں میئر بھی کانگریس کا ہوگا اور دونوں بلدیات پر بھی کانگریس قبضہ کرے گی۔ محبوب نگر کے 30 کامیاب امیدواروں میں 6 مسلمان منتخب ہوئے ہیں جن میں کانگریس کے 3 ڈیویژن 13 سے شبانہ بیگم (محمد محسن) 27 سے اطہر حبیبہ، 29 سے عائشہ صدیقہ جبکہ 2 بی آر ایس امیدوار 17 سے نسیم بیگم (سید صدیق حسین)، 28 سے نسرین جبکہ ڈیویژن 14 سے مجلس کے عمران شریف شامل ہیں۔ گنتی کے مرکز پالمور یونیورسٹی کا ضلع کلکٹر جیندرا بوئی اور ضلع ایس پی جانکی دھراوت نے معائنہ کیا۔ مرکز کے اطراف پولیس نے سخت بندوبست کیا تھا۔ چند گھنٹوں میں باقی 30 ڈیویژنس کے نتائج بھی جاری ہو جائیں گے۔