محبوب نگر ‘ ناگرکرنول پارلیمانی حلقوں میں کانٹے کے مقابلے کاامکان

   

راہول گاندھی‘ پرینکا گاندھی ‘ وزیراعظم مودی ‘ امیت شاہ اور کے سی آر کی انتخابی مہم کا منصوبہ

محبوب نگر ۔ 24 ؍مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پارلیمانی انتخابات کے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کی آج آخری تاریخ ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے اہم قائدین کی خصوصی توجہ ضلع محبوب نگر پر مرکوز ہے ۔ محبوب نگر‘ ناگرکرنول پارلیمانی حلقہ جات میں کانٹے کے مقابلہ کی توقع کی جا رہی ہے ۔تمام جماعتیں انتخابی مہم کا منصوبہ بندی کرتے ہوئے تیزی لا رہی ہیں ۔ وزیراعظم مودی قومی کانگریس صدر راہول گاندھی ‘ امیت شاہ ‘ کے سی آر اور مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ ‘ نتن گڈکری و دیگر قائدین کی ضلع میں انتخابی میں حصہ لینے کی اطلاعات ہیں ۔ وزیر اعظم مودی کی 29؍ مارچ اور چیف منسٹر کے سی آر 31؍ مارچ کو انتخابی جلسوں کومخاطب کریں گے ۔ راہول کے ہمراہ پرینکا گاندھی کے روڈ شوز میں حصہ لینے کے لئے کانگریس تیاریوں میں مصروف ہے ۔ تمام جماعتیں جیت کے نشانہ کے ساتھ اپنے اپنے اعلیٰ قائدین کے ساتھ تیاریاں کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کے لئے بی جے پی توانائی صرف کررہی ہے جن میںحلقہ لوک سبھا محبوب نگر بھی ایک ہے ۔ یہاں پہلی بار 1999 میں بی جے پی امیدوار کی حیثیت موجودہ ایم پی جتیندر ریڈی منتخب ہوئے تھے جبکہ 2012 کے اسمبلی ضمنی انتخابات میں سرینواس ریڈی بھی منتخب ہوئے تھے ۔ بی جے پی کا اثر محبوب نگر کے علاوہ مکتھل اور نارائن پیٹ میں خاصا ہے ۔ نارائن پیٹ بلدیہ پربھی بی جے پی قبضہ جمائے ہوئے ہے ۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کے ایم پی ٹی سی اورسرپنچوں کی معقول تعداد پر بھی بی جے پی منتخب ہوئی ہے ۔ اس سے پہلے بھی یہاں امیت شاہ اور نریندر مودی نے انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔ پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کی کلیدی قائد ڈی کے ارونا جیسے ہی بی جے پی میں شامل ہوئیں انہیں محبوب نگر کا ٹکٹ تھما دیا گیا ۔ حلقہ میں بی جے پی کے ووٹ بینک کے علاوہ ڈی کے ارونا کا شخصی کرشمہ بھی بی جے پی کو قبضہ دلانے کی توقع بی جے پی رکھے ہوئے ہے ۔ ٹی آر ایس نے حلقہ محبوب نگر سے موجودہ ایم پی اور قد آور قائد اے پی جتیندرریڈی کو ٹکٹ سے محروم کر دیا اور ایک نئے چہرے ایم سرینواس ریڈی کو امیدوار بنایا ہے ۔ ناگرکرنول (محفوظ) سے سابق قومی بی جے پی بنگارو لکشمن کی دختر بنگارو سروتی کو بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے ۔ بی سروتی بی جے پی قومی مہیلا مورچہ کی سکریٹری ہیں اور ان کی مہم میں قومی صدر امیت شا ہ ‘ راجناتھ سنگھ اور نتن گڈکری کی شرکت متوقع ہے ۔ ان کے پروگرامس کی تواریخ کو قطعیت دی جا رہی ہے ۔ محبوب نگر پارلیمانی حلقہ میں ٹی آر ایس نے اپنے امیدوار ایم سرینواس ریڈی کو کامیاب بنانے کے لئے قبضہ برقرار رکھنے کوشاں ہے ۔ ضلع کے وزیر ایل سرینوگوڑ اور تمام اسمبلی حلقوں کے ایم ایل ایز کو اس ضمن میں ذمہ داری دی گئی ہے ۔ جبکہ ناگرکرنول میں جیت کی ذمہ داری ریاستی وزیر نرنجن ریڈی اور دیگر حلقہ جات کے ایم ایل ایز کو سونپی ہے ۔ کولاپور سے منتخب کانگریس ایم ایل اے بی ہریش وردھن ریڈی بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں ۔ 31 مارچ مارچ اور اپریل کے پہلے ہفتہ میں محبوب نگر ناگرکرنول میں کے سی آر کے جلسوں کی تیاریاں جاری ہیں ۔