محبوب نگر : سینئر ٹی آر ایس قائد خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ کو رُکن ضلع وقف پروٹکشن اینڈ کوآرڈنیشن کمیٹی نامزد کیا گیاہے ۔ ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ نے آج اپنے کیمپ آفس میں نامزدگی سے متعلق مکتوب ان کے حوالے کیا ۔ ضلع کلکٹر اس کمیٹی کے صدرنشین ہیں۔ ریاستی وزیر نے اس موقع پر کہاکہ ضلع میں اوقاتی جائیدادوں کی بازیابی اور ترقی کیلئے انور پاشاہ کی خدمات چاہئیں اسی لئے ان کو رُکن نامزد کیا گیا ہے ۔ انھوں نے بھی کمیٹی کے ساتھ تعاون کا تیقن دیا ۔ انور پاشاہ نے ریاستی وزیر سے اظہارتشکر کیا اور کہاکہ جس مقصد کو سامنے رکھ کر اُنھیں ممبر نامزد کیا گیاہے اس کو پورا کرنے میں وہ کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر محبوب نگر کے علاوہ میونسپل چیرمین نرسمہلو ، نائب چیرمین گنیش ، زیڈ پی ٹی سی انور حسین ، میونسپل فلور لیڈر محمد شبیر ، کونسلرز شیخ عمر ، سید امجد ، احمد جلیل کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین موجود تھے ۔