محبوب نگر کو بڑے تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کا عزم

   

100طلبہ کو مفت انجینئرنگ کی تعلیم فراہم کی جائے گی، کیمپ آفس میں سرینواس ریڈی کا خطاب

محبوب نگر ۔ 13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مقامی ایم ایل اے محبوب نگر سرینواس ریڈی محبوب نگر کو ایک بڑے تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنے کا عزم کرچکے ہیں۔ اس کا ثبوت ان کا یہ اعلان ہے کہ 100 غریب طلباء کیلئے مفت انجینئرنگ کی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ آج مستقر محبوب نگر پر اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے دل موہ لینے والا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے جی کے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مینجمنٹ کوٹہ میں 100 طلباء کو مفت داخلہ دیا جائے گا۔ اپنے ذاتی فنڈ سے وہ غریب طلباء کو تسلیم فراہم کرنے کا ارادہ کرچکے ہیں۔ غریب طلباء کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محبوب نگر کو عظیم تعلیمی مرکز بنانے کیلئے وہ 18 ماہ سے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں چنانچہ پالمور یونیورسٹی میں انجینئرنگ کالجس اور لا کالج کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے آشیرواد سے محبوب نگر کیلئے ٹریپل آئی ٹی کی منظوری بھی مل چکی ہے۔ وہ چیف منسٹر کے اشیرواد کے ساتھ محبوب نگر کو نہ صرف تعلیمی مرکز بلکہ اسکل ڈیولپمنٹ ہپ کے طور پر ترقی دیکھنے کے خواہش مند ہیں۔ اسی ضمن میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ٹاسک ٹریننگ سنٹر شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امرا راجا بیڑی کمپنی سے بات ہوئی ہے اور حال ہی میں ڈیوٹی پلی آئی ٹی پارک کے احاطہ میں امرا راجا اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر بھی شروع کیا گیا ہے۔ پہلے قدم کے طور پر امرا راجا اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر میں تین کورسیس متعارف کروائے گئے ہیں۔ ہر تین ماہ بعد 200 طلباء کو اسکل ڈیولپمنٹ سے ہنر کی تربیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اگلے 4 یا 5 برس میں جی کے انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 10 ہزار طلباء مختلف کورسیس میں داخلہ لے سکیں گے۔ کئی ایک بڑی کارپوریٹ تنظیمیں بھی ہمارے شہر میں بڑے پیمانے پر رُخ کریں گی۔ انہوں نے ضلع کے صنعت کاروں، ملازمین، تاجرین اور تعلیمیافتہ لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایسے سماجی پروگراموں کا حصہ بنیں۔ اس موقع پر ایم یوڈی چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی، وجئے کمار، سی جے بنہر، سابق کونسلرس و کارکنان موجود تھے۔