محبوب نگر کو تعلیمی مرکز بنانے کے اقدامات

   

مدینہ کالج کے خدمات کی ستائش، رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر /5 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر کی ترقی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی محبوب نگر کو خوشحال اور خاص طور پر بہترین تعلیمی مرکز بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا ۔ وہ مستقر محبوب نگر کے المدینہ کالج آف ایجوکیشن میں منعقدہ پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے المدینہ کالج کے چار دہوں پر مشتمل تعلیمی خدمات کی ستائش کی اور کالج و سوسائٹی ذمہ داران کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرہ اسی وقت ترقی کرسکتا ہے جب خواتین آگے آئیں گی ۔ لڑکیاں اور خواتین بہرحال تعلیم حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سرکاری نوکریوں کی اہمیت نہیں ۔ ہمارے پاس بہتر پرائیویٹ ادارے موجود ہیں ۔ بدلتے حالات کے مطابق جو تعلیمی نظام رائج ہو رہا ہے اس کو اپناکر بہتر اور روشن مستقبل کیلئے آگے آنا ہوگا ۔ تعلیمی نظام ڈیجیٹل بورڈ میں جاری رہے گا ۔ ایم ایل اے نے اپنے شخصی فنڈ سے اپنے ہاتھوں سے طلباء میں کتابیں اور پن تقسیم کئے ۔ پروگرام میں موڈا چیرمین لکشمن یادو ، ٹی پی سی سی جنرل سکریٹری ونود کمار ، امتیاز اسحق جنرل سکریٹری سجاد احمد صدر ، محمد احمد کاسمک گروپ ، بشیر پاشاہ پرنسپہل ، محمد فیاض کاگنریسی قائد کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔