میں اپنی تنخواہ سے ہر ماہ ایک لاکھ روپے تعلیمی فنڈ میں جمع کروارہا ہوں، رکن اسمبلی کا خطاب
محبوب نگر ۔ 18 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہم ایک بہترین بی ایڈ کالج تیار کریں گے اور کالج کو تمام شعبوں میں ترقی دیں گے۔ ان عزائم کا اظہار مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ آج مستقر محبوب نگر کے بی ایڈ کالج میں ایس ڈی ایف فنڈس کے ذریعہ طلباء کے لئے جدید تعمیر کردہ بیت الخلاء کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکولس اور کالجس کو ترقی دینا وقت کا تقاضہ ہے۔ ہم تمام کی ذمہ داری ہیکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے غریب طلباء کو مناسب سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کالج کافی قدیم ہے۔ کالج کا عملہ اس کی جدید تعمیر کے لئے منصوبہ پیش کریں۔ ہم محبوب نگر کو ایک بڑے تعلیمی مرکز کے طور پر ترقی دینے کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ کام فرد واحد سے ممکن نہیں ہر ایک کو اپنا اپنا حصہ ادا کرنا ہوگا جس کے لئے محبوب نگر ایجوکیشن فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ میں تمام ذمہ دار شہریوں، باشعور افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تعلیمی فنڈ کو مستحکم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایجوکیشن فنڈ حکام کی نگرانی میں بالکل شفاف طریقہ سے چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ماہ اپنی تنخواہ سے ایک لاکھ روپے ایجوکیشن فنڈ میں جمع کروارہے ہیں۔ طلباء نے مسرت کے ساتھ ایم ایل اے سے اظہار تشکر کیا۔ کالج اسٹاف، فیکلٹی ممبرس نے ایم ایل اے کو تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر پرنسپل گوئند راجو، موڈا چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی، سراج قادری، یسو داس، سدھاکر ریڈی، رامچندریا، راجو گوڑ، معز، پروین کمار، عمران و دیگر موجود تھے۔