محبوب نگر کو تعلیم کا مرکز بنانے کی طرف پیشرفت

   

رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کا دورہ، تعلیمی ترقی کا جائزہ
محبوب نگر 8 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے معزز رکن اسمبلی اینم سرینواس ریڈی نے ملک کی تیسری بڑی اور معتبر یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مظفر آصف اور دیگر اعلیٰ عہدے داران سے تفصیلی ملاقات کی۔اس ملاقات میں اینم سرینواس ریڈی نے محبوب نگر میں واقع المدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چلنے والے غوث قاری انجینئرنگ کالج اور اس سے منسلک ادارہ جات کو تعلیمی و تکنیکی اعتبار سے مزید ترقی دلانے کے امکانات پر گفتگو کی۔ یونیورسٹی کے عہدیداروں نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے مثبت ردعمل کا اظہار کیا، اور المدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کے ساتھ اشتراکِ عمل پر آمادگی ظاہر کی۔اینم سرینواس ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ ’محبوب نگر، جو ماضی میں مزدور طبقے کے حوالے سے جانا جاتا تھا، اب بتدریج تعلیم کا مرکز بن رہا ہے۔ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ یہاں کے اقلیتی طلبہ کو بھی وہی تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں جو ملک کے بہترین اداروں میں میسر ہیں۔ المدینہ ایجوکیشنل سوسائٹی کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی طرز پر ترقی دی جائے گی، جو میرا خواب ہے اس سے ضلع کا تعلیمی معیار بھی بلند ہو کا۔ یہ اقدام نہ صرف محبوب نگر بلکہ پورے تلنگانہ کے تعلیمی منظرنامہ میں ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوگا۔