محبوب نگر کی ترقی کیلئے 400کروڑ روپئے کا تخمینہ پیش

   

گرام سبھا اور دیگر ترقیاتی پروگراموں سے رکن اسمبلی وائی سرینواس ریڈی کا خطاب

محبوب نگر /23 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہمارا مقصد ہے کہ کوئی بھی مستحق راشن کارڈ سے محروم نہ رہ جائے ۔ یہ وضاحت مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے کی ۔ وہ آج مستقر محبوب نگر کے بلدی وارڈ 23 میں منعقدہ سبھا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے ۔ وارڈ کونسلرس ، قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات ہر مستحق خاندان تک پہونچنے کے مواقع بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی دکانات سے جلد ہی باریک چاول کی تقسیم بھی عمل میں آئے گی ۔ سالانہ 3500 اندرماں مکانات تعمیر کئے جائیں گے اور یہ عوامی حکومت اگلے 4 برس میں غریب خاندانوں میں 18000 اندراماں مکانات تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ پروگرام میں کانگریسی قائد سراج قادری ، چندر کمار گوڑ ، بھرت کمار ، نریش ، فیہم ، کمار ، مکرم و دیگر موجود تھے ۔ قبل ازیں ایم ایل اے نے بلدی وارڈ 4 میں تقریباً ایک کروڑ بیس لاکھ کے صوفہ سے تعمیر ہونے والی سی سی سڑکیں ، انڈر گراؤنڈ ڈرین ، کمیونٹی ہال کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی مسرت ہے کہ محبوب نگر میونسپل کو کارپوریشن کا درجہ ملا ہے۔ محبوب نگر کی ترقی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو 400 کروڑ کا تخمینہ پیش کیاگیا ہے اور ابتدائی قسط کے طور پر 250 کروڑ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے کئی قائدین و کارکنان کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ۔