حلقہ میں بے شمار ترقیاتی کاموں کی انجام دہی، اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس
محبوب نگر ۔ 7 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر کے مسلمان بی آر ایس امیدوار وی سرینواس گوڑ کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔ سرینواس گوڑ کو دیگر طبقات کے ساتھ مسلمانوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقامی بی آر ایس قائدین نے آج سہ پہر ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ محمد عبدالرحمن چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی محبوب نگر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وی سرینواس گوڑ نے پچھلے 9 برس سے زائد عرصہ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو تعلیمی، معاشی و سماجی ترقی کے لئے جو کام کئے ہیں اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ ان کے دور میں محبوب نگر حلقہ کی مساجد، مدارس، درگاہوں کے لئے کروڑوں روپے کے بجٹ منظور کروائے۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات میں مسلمانوں کو مساوی ترقی کے مواقع دیئے گئے۔ حج ہاوز کی تعمیر، شہر کے چاروں سمت مسلم قبرستانوں کے لئے اراضی فراہم کی گئی اور ان اقدامات سے حلقہ کے مسلمان مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اخبار میں جو خبر شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہیکہ حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے مسلمان وی سرینواس گوڑ سے ناراض ہیں درست نہیں ہے۔ کچھ مفاد پرست ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ اس خبر میں سرینواس گوڑ پر جو الزامات ہیں وہ بے بنیاد ہیں۔ خواجہ فیاض الدین، انور پاشاہ، رکن وقف تحفظ کمیٹی نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ وقف اراضیات کے تحفظ کے لئے سرینواس گوڑ کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ دیگر قائدین محمد محسن، محمد مقبول، احمد ثناء، عبدالرافع ذکی، محمد تقی حسین، حافظ ادریس، سید ظفر شاہ، محمد احمد الدین، محمد عمران، محمد نعیم و دیگر موجود تھے۔