صحت کے سنگین مسائل،مقامی عوام تشویشناک صورتحال سے دوچار، ارباب مجاز کی توجہ ضروری
محبوب نگر۔/7 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر کے کئی ایک علاقے شدید بارش کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مستقر کے بی کے ریڈی کالونی علاقہ ایک مستقل جھیل کا منظر پیش کررہا ہے۔ گذشتہ روز جمعہ کے دن وہاں کے متاثرین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ مسجد ابراہیم کے قریب مقیم مصلیوں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ آج ہم نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے بھی مسجد نہیں جاسکے کیونکہ سڑکوں پر گھٹنوں برابر گندا پانی بہہ رہا ہے۔ بڑے تالاب کا پانی یہاں داخل ہوگیا ہے اورموریاں اُبل رہی ہیں۔ نشیبی گھروں میں انتہائی بدبودار پانی داخل ہورہا ہے جس سے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ایک شکایت کنندہ نے بتایا کہ ہمارے لئے آج کی صورتحال نئی نہیں ہے گذشتہ کئی برسوں سے یہ مسئلہ چل رہا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ مقامی نمائندے و عہدیداران دورہ کرکے تصویر کشی کرکے چلے جاتے ہیں۔ سڑکیں چلنے کے قابل نہیں ہیں، کوئی عہدیدار گلیوں میں آکر ہماری حالت کو دیکھنے کیلئے تیار نہیں اور افسوس کہ یہ وارڈ چیرمین بلدیہ کا وارڈ ہے۔ عوام نے عوامی نمائندوں اور ارباب مجاز سے فوری حرکت میں آتے ہوئے بارش کے پانی کے اخراج کیلئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔