اساتذہ کے عدم تقررات اور سہولتوں کی عدم فراہمی سے طلبہ کا نقصان : اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی
محبوب نگر: اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی محبوب نگر کے اراکین جناب حلیم بابر بانی جناب سلیم اقبال صدر جناب یوسف بن ناصر جنرل سکریٹری ‘جناب قدوس بیگ ‘ محمد صادق اللہ اور جناب سید نورالحسن نائب صدور نے اپنے ایک صحافتی بیان میں ریاستی چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر رائو ‘وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی اور کونسل فار ہائر ایجوکیشن و کمنشنر کالجیٹ ایجوکیشن سے اپیل کی ہے کہ ضلع محبوب نگر و ناگر کرنول کے سرکاری ڈگری کالجوں میں بی کام جنرل اردو میڈیم اور بی اے اردو میڈیم میں داخلوں کو بحال کیا جائے اور طلباء کی تعلیمی ضروریات کی تکمیل کے لیے درکاراساتذہ کے فوری تقررات عمل میں لائے جائیں۔ اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اراکین نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ محبوب نگر میں سینکڑوں اردو میڈیم طلباء و طالبات انٹرمیڈیٹ کامیاب کرتے ہیں اور یہ ضلع کے دو مشہور ڈگری کالجوں این ٹی آر ویمنس ڈگری کالج محبوب نگر اور ایم وی ایس ڈگری کالج محبوب نگر میں داخلوں کے خواہش مند ہوتے ہیں۔ گزشتہ دو سال سے ویمنس ڈگری کالج اور ایم وی ایس ڈگری کالج سے بی کام جنرل اردو میڈیم برخاست کردیا گیا ہے اور طلباء کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ انگریزی میڈیم میں داخلے لیں جہاں محدود نشستیں ہوتی ہیں۔ ناگر کرنول میں دو سال قبل اردو میڈیم بی اے شروع کیا گیا تھا اساتذہ کے پوسٹ منظور کئے گئے ہیں لیکن کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن کی جانب سے اساتذہ کے تقررات عمل میں نہیں لائے گئے۔ ویمنس ڈگری کالج میں اکنامکس لیکچرر کا تقرر نہیں کیا گیا۔