محبوب نگر۔ /29 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محبوب نگر کے بھوت پور منڈل کے امستا پور میں ریتوینڈوگا ( کسان فیسٹول ) زور و شور کے ساتھ جاری ہے ۔ آج ریاستی وزیر بڑی آبپاشی اتم کمار ریڈی بھی مقام پر پہونچے ۔ مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے دیگر قائدین کے ہمراہ ان کا استقبال کیا ۔ انہیں گلدستہ پیش کرکے شالپوشی کی گئی ۔ وزیر نے مقامی ایم ایل اے کے ہمراہ نمائش کے وسیع میدان میں لگائے گئے کسانوں کے اسٹالس کا معائنہ کیا اور مسرت کا اظہار کیا ۔ مقامی ایم ایل اے نے وزیر کو اسٹالس ، اگریکلچر آلات اور دیگر اشیاء کا مشاہدہ کروایا ۔ ریاستی وزیر نے بعد ازاں ریتو سبھا میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ریاستی پلانگ کمیشن کے نائب صدر جی چنا ریڈی ، متحدہ ضلع کے ایم ایل ایز جی مدھو سدن ریڈی ،س ری ہری مدیراج ، ڈاکٹر پرنیکا ریڈی ، آنیرودھ ریڈی ، میگاریڈی ، ومشی کرشنا کے علاوہ متحدہ ضلع کے کلیدی کانگریسی قائدین اور کارکنان موجود تھے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریتو فیسٹول 30 نومبر تک جاری رہے گا ۔ یہ پروگرام ریاستی حکومت کے کامیاب ایک سال کی تکمیل پر منائے جانے والے جشن کا حصہ ہے ۔ ریاست بھر میں مختلف نوعیت کی تقریبات منعقد کی جارہی ہے ۔ جبکہ محبوب نگر ضلع کی میزبانی میں سہ روزہ کسان فیسٹول آیا ہے ۔ فیسٹول کا اصل مقصد ریاست کے کسانوں کو جدید زرعی طریقہ کار، ٹریننگ اور نئی ایجادات سے واقف کروانا ہے ۔ اس دوران سمینار کا انعقاد بھی عمل میں لایا جارہا ہے ۔ جس میں زرعی شعبہ کے ماہرین ، یونیورسٹی پروفیسرس ، زرعی کمپنیوں کے نمائندے ، کسان تنظیموں کے قائدین اور ماڈل فارمرز شرکت کر رہے ہیں۔ 30 نومبر کو چیف منسٹر ریونت ریڈی بڑے جلسہ عام کو مخاطب کریں گے ۔ چیف منسٹر کے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے کئی دن سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہے ۔ بڑی تعداد میں ریاست بھر سے جلسہ عام میں شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔