محبوب چوک مارکٹ کی عنقریب تزئین نو

   

تاریخی عمارتوں کی ترقی و سیاحتی مراکز کے طور پر فروغ دینے حکومت کوشاں
حیدرآباد۔17 ڈسمبر(سیاست نیوز) پرانے شہر کی تاریخی عمارتوں کی ترقی اور انہیں سیاحوں کے لئے تفریحی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے تحت جاری اقدامات کے تحت کئی تاریخی عمارتوں کی تزئین نو اور آہک پاشی کے ساتھ ساتھ پرانے شہر کے تجارتی بازاروں کو ترقی دینے کے اقداما ت بھی کئے جا رہے ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت موجود پرانے شہر کے قدیم مارکٹ محبوب چوک کی از سر نو تعمیر اور اس کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنے کے اقدامات کے ساتھ کی جانے والی کوششوں کو بھی جلد ہی ریاستی حکومت کی منظوری حاصل ہو چکی ہے لیکن جی ایچ ایم سی ذرائع کا کہناہے کہ بلدیہ کے پاس مالیہ نہ ہونے کے سبب محبوب چوک مارکٹ کے تعمیری و ترقیاتی کاموں میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے لیکن پراجکٹ کو منظوری حاصل ہونیکے باوجود تعمیری و ترقیاتی کاموں کا آغاز نہ کئے جانے کی بنیادی وجہ مالیہ کی قلت بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بلدی نظم ونسق کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق محبوب چوک مارکٹ کی از سر نو تعمیر کے کاموں کی نگرانی قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ کروائی جائے گی اور محبوب چوک مارکٹ کے لئے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق مارکٹ کی از سر نو تعمیر کے لئے 36 کروڑ کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ محبوب چوک مارکٹ کی ازسر نو تعمیر سے قبل محبوب چوک مارکٹ اور اطراف کے علاقہ میں آبرسانی اور ڈرینیج کے کامو ںکو مکمل کرنے کے اقدامات پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جا رہاہے اور مقامی منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے محکمہ آبرسانی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو اس سلسلہ میں صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے آگاہ کردیا گیا ہے ۔ پرانے شہر کے علاقہ میں موجود اس مارکٹ میں گوشت اور چکن کی دکانات کے علاوہ دیگر تاجرین کو بھی دکانات حوالہ کرنے پر غور کیا جا رہاہے ۔ محبوب چوک مارکٹ کی ازسر نو تعمیر کے بعد اس مارکٹ میں 200ملگیاں نکالنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جو تاجرین پہلے سے اس مارکٹ میں کاروبار کر رہے ہیں انہیں یہ ملگیاں حوالہ کی جائیں گی اور تعمیر کے دوران عمارت کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے منصوبہ کے تحت قدیم طرز تعمیر کے اعتبار سے ہی نقشہ تیار کیا گیا ہے اور تعمیر کا عمل بھی ماہرین آثار قدیمہ کی نگرانی میں ہی مکمل کیا جائے گا۔م