محبوب چوک کلاک ٹاور کی تزئین نو کیلئے جی ایچ ایم سی کوشاں

   

حیدرآباد ۔ 23 فبروری (سیاست نیوز) تاریخی معظم جاہی مارکٹ کو اس کی اصلی حالت میں بحال کرنے اور اسے خوبصورت بنانے کا کام قریب الختم ہونے کے ساتھ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اب اس کی توجہ ایک اور ہیریٹیج مقام، محبوب چوک پر مبذول کی جارہی ہے جسے مرغی چوک بھی کہا جاتا ہے۔ گذشتہ سال میونسپل کارپوریشن نے اس مارکٹ کے قریب کلاک ٹاور کی مرمت اور تزئین نو کا کام شروع کیا گیا تھا چونکہ اس مارکٹ کی ایک ہیرٹیج اسٹرکچر کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ اس لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اب اس پر توجہ دی جارہی ہے اور اس علاقہ کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جارہے ہیں چونکہ یہ عمارت بہت قدیم ہے اس لئے جی ایچ ایم سی نے گذشتہ سال جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی (JNTU) کے مارہین کی خدمات حاصل کی تھی تاکہ اس کی اسٹڈی کرکے رپورٹ داخل کی جائے۔ ماہرین نے کہا کہ یہ اسٹرکچر خستہ حالت میں ہے اور یہ رہنے اور بزنس کرنے کیلئے موزوں نہیں ہے۔ تب کارپریشن نے موجودہ اسٹرکچر کو منہدم کرکے ایک نیا اسٹرکچر 36 کروڑ روپئے لاگت سے تعمیر کرنے کیلئے ایک تخمینہ تیار کیا تھا۔ جی ایچ ایم سی کی اسٹانڈنگ کمیٹی پلانس کو منظوری دی تھی اور کاموںکی انجام دہی کیلئے حکومت سے اجازت طلب کی تھی تاہم ہیریٹیج جہدکاروں نے اس تجویز کی مخالفت کی اور جی ایچ ایم سی سے اس کے پلانس پر دوبارہ غور کرنے کیلئے کہا جس پر کارپوریشن اب اس اسٹرکچر کی عظمت رفتہ کوبحال کرنے کیلئے دیگر امکانات کو تلاش کررہا ہے۔ جی ایچ ایم سی کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق اس میں دو تجاویز ہیں ایک یہ ہیکہ موجودہ اسٹرکچر جیسا ہی ایک گراونڈ پلس فرسٹ فلور اسٹرکچر بنایا جائے اور دوسری تجویز یہ ہیکہ اس کی بحالی اور خوبصورت بنانے کا کام شروع کیا جائے جیسا کہ ایم جے مارکٹ میں کیا گیا ہے۔ اس عہدیدار نے کہا کہ ’’ایم جے مارکٹ کے کام تکمیل کے قریب ہیں اور اس کے مکمل ہونے کے فوری بعد اب مرغی چوک کے کام شروع کریں گے‘‘۔ فی الوقت چوک میں تقریباً 230 شاپس ہیں۔ ان میں کئی خالی ہیں۔ 1930 کی دہائی میں معظم جاہی مارکٹ کے ساتھ تعمیر کئے گئے محبوب چوک کی تعمیر کا اصل مقصد اینٹکس، مختلف قسم کے پرندوں، گروسریز اور دیگر اشیاء فروخت کرنے والے شاپ کیپرس کیلئے جگہ فراہم کرنا تھا لیکن وقت کے ساتھ اس اسٹرکچر کے پاس چکن شاپس ہوگئے ہیں اور یہ علاقہ محبوب چوک سے زیادہ مرغی چوک سے مشہور ہوگیا۔