محب وطن ڈاکٹر کفیل خان کی فوری رہائی کا مطالبہ

,

   

نئی دہلی۔ بہوجن سماج پارٹی لیڈر و رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی نے پیر کو شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں جیل میں قید ڈاکٹر کفیل خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ یوگی حکومت وکاس دوبے جیسے خوفناک مجرموں کے ساتھ نرمی کر رہی ہے جبکہ سینکڑوں بچوں کی جانیں بچانے والے محب وطن ڈاکٹر کفیل کو جیل میں بند رکھا گیا ہے ۔رکن پارلیمنٹ امروہہ کنور دانش علی نے ٹویٹ کرکے متھرا جیل میں بند ڈاکٹر کفیل کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش حکومت خونخوار مجرموں اور وکاس دوبے جیسے دہشت گردوں کے ساتھ نر م رویہ اختیار کر رہی ہے لیکن ڈاکٹر کفیل خان جیسے محب وطن کو قید کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ “نظریاتی اختلافات رکھنا جرم نہیں ہے بلکہ ہماری جمہوریت کی امتیازی خصوصیت ہے”۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ڈاکٹر کفیل خان کے ہاتھ سے لکھے ہوئے 4 صفحات کا خط بھی شیئر کیا۔ خط میں کورونا وائرس وباء کے دوران جیل کے اندر گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھنے اور بیرکوں میں کسی بھی سماجی فاصلے پر عمل نہ کرنے کی شکایت کی گئی تھی۔