محترمہ فریدہ راج کو اردو اکیڈیمی کا باوقار

   

Ferty9 Clinic

کارنامہ حیات ایوارڈ برائے فروغ اردو
حیدرآباد ۔ 25 جون ( پریس نوٹ ) ممتاز سماجی جہد کار اکیڈمک کونسلر ، کالم نویس و دانشور محترمہ فریدہ راج کو ان کی ہمہ جہت فروغ اردو خدمات کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ’’باوقار کارنامہ حیات ایوارڈ برائے فروغ اردو ‘‘ کیلئے منتخب کیا گیا ہے ۔ اپنی سماجی تہذیبی ، تعلیمی اور ادبی و صحافتی خدمات کیلئے قومی شہرت یافتہ محترمہ فریدہ راج کا تعلق ملک کے ایک انتہائی ممتاز علمی تہذیبی و ثقافتی گھرانے سے ہے ۔ ایک ہمہ وقت کالم نویس کی حیثیت سے بشمول روزنامہ ’سیاست‘ کئی ایک اردو اور انگریزی اخبارات و رسائل کے لئے اپنا قلمی تعاون دینے والی محترمہ فریدہ راج کئی ایک نمائندہ ادبی تہذیبی و ثقافتی انجمنوں کی بھی ایک فعال رکن ہیں ۔ عصر حاضر کے مختلف موضوعات پر اردو ، انگریزی سمیناروں اور مباحث کو اپنی شرکت کے ذریعہ کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے شہرت رکھنے والی محترمہ فریدہ راج ہندوستانی فلمی صنعت کی انتہائی مقبول اداکارہ محترمہ وحیدہ رحمان کی حقیقی ہمشیرزادی ہیں ۔ یہاں اس بات کا ذکر بے محل نہ ہوگا کہ روزنامہ ’سیاست‘‘ کیلئے خواتین اوربچوںکا مستقل کالم قلمبند کرنے والی محترمہ فریدہ راج کو اس باوقار ایوارڈ کے حصول پر مختلف ادبی ، تہذیبی ، تعلیمی و ثقافتی تنظیموں کے علاوہ ان کے اہل خانہ ، افراد خاندان اور دوست احباب کی جانب سے پُرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے ۔