حکومت سے خصوصی انتظامات، صدرنشین بورڈ محمد مسیح اللہ خان
حیدرآباد۔8۔جولائی (سیاست نیوز ) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی جانب سے ماہ محرم الحرام کے دوران عاشور خانوں کی مرمت ‘ آہک پاشی کے علاوہ سبیل کے لئے سال گذشتہ 27 لاکھ روپئے جاری کئے گئے تھے لیکن جاریہ سال وقف بورڈ کی جانب سے اس بجٹ میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ مقدس کے دوران عزاداران کی سہولتوں کے علاوہ یوم عاشورہ کے لئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور وقف بورڈ جو ریاست میں موجود عاشور خانوں اور عزا ء خانوں کی مرمت و آہک پاشی کے علاوہ سبیل کے قیام کے لئے علحدہ بجٹ جاری کرتا ہے اس سلسلہ میں سال گذشتہ کی گرانٹ میں اضافہ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہاہے اور تمام عاشور خانوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرتے ہوئے حکومت سے گرانٹ کی منظوری کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔ جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جائزہ اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر عمل آوری کا وقف بورڈ کے عہدیدارجائزہ لے رہے ہیں اور آئندہ چند یوم کے دوران عاشور خانوں کو درکار مالیہ کی اجرائی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ انہو ںنے شہر کے سرکردہ عاشور خانوں اور عزاء خانوں کے سلسلہ میں مشاورت کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے اور ان عاشور خانوں اور قدیم سبیل کے قیام کے سلسلہ میں درخواستیں وصول کی جانے لگی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی جانب سے بی بی کے علم کے جلوس کے علاوہ یوم عاشورہ کے سلسلہ میں تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کے اقدامات جاری ہیں اور اس سلسلہ میں وقف بورڈ شیعہ رکن بورڈ مولانا سید نثار حسین حیدر آغاسے بھی مشاورت کرتے ہوئے اقدامات کر رہا ہے تاکہ یکم محرم الحرام سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کی جائیں۔م