بونال اور محرم جلوس کے ذمہ داروں کی ملاقات ، یادداشت کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے محرم اور بونال کے جلوس کے موقع پر ہاتھی فراہم کرنے کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر انڈومنٹ اے اندرا کرن ریڈی سے بات چیت کرتے ہوئے وہ روایتی محرم اور بونال جلوسوں کے موقع پر ہاتھی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے تاکہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں۔ اکنا مادنا مہانکالی مندر اور بی بی کے علم کے ذمہ داروں نے آج وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی ۔ ہائی کورٹ کی ہدایت پر زو حکام نے دونوں جلوسوں کے موقع پر ہاتھی فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ دونوں جلوسوں کے ذمہ داروں نے وزیر داخلہ سے اپیل کی کہ ہاتھی کی فراہمی کا مستقل حل تلاش کریں۔ پڑوسی ریاستوں سے ہاتھی کا انتظام کرنے کے بجائے زو میں موجود ہاتھیوں کو ٹریننگ دی جاسکتی ہے۔ وفد نے وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں ریویو پٹیشن دائر کرتے ہوئے نہرو زوالوجیکل پارک سے ہاتھی کی فراہمی کے سلسلہ میں مناسب احکامات حاصل کریں۔ وزیر داخلہ نے اس سلسلہ میں متعلقہ وزیر اندرا کرن ریڈی سے بات چیت کرنے کا تیقن دیا تاکہ صدیوں قدیم اس روایت کو برقرار رکھا جائے جس سے عوام کے مذہبی جذبات وابستہ ہیں۔ وزیر داخلہ سے ملاقات کرنے والوں میں جی نرنجن صدر ، کے دتاتریہ سکریٹری اکنا مادنا مہانکالی مندر، علی الدین عارف مجاور الاوہ بی بی اور جنرل سکریٹری فاطمہ سیوا دل سوسائٹی شامل تھے ۔
