محرم کیلئے فنڈس جاری کرنے کویتا کا مطالبہ

   

وزیر اقلیتی بہبود لکشمن کمار سے فو ن پر بات چیت
حیدرآباد۔ 13 جون (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر محرم کا فنڈ جاری کرے۔ کویتا نے ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار سے فون پر بات چیت کی اور فنڈ کی اجرائی کیلئے زور دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ مسلمانوں کیلئے ماہ محرم کافی مقدس ہوتا ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں گنگا۔ جمنی تہذیب کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا گیا تھا۔ تہواروں اور عیدوں کو سرکاری طور پر منایا جاتا تھا۔ ماہ محرم ایک مقدس مہینہ ہے جس کو بی آر ایس حکومت نے کافی اہمیت دی تھی۔ آخری مرتبہ 2023ء میں ماہ محرم کیلئے فنڈس جاری کئے گئے تھے، اس کے بعد سے کانگریس حکومت نے آج تک فنڈس کی اجرائی روک دی ہے۔ محرم کیلئے ہاتھی کا جلوس شیعہ برادری کی جانب سے نکالا جاتا ہے۔ 2024ء میں بھی ہاتھی پر جلوس نکالنے کی حکومت نے اجازت نہیں دی جس سے شیعہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ حکومت اس مرتبہ دوبارہ یہ غلطی نہ کرے بلکہ جلوس کیلئے ہاتھی کا انتظام کرے۔ کے سی آر کے دور حکومت میں بڑی عقیدت کے ساتھ محرم کے جلوس کا اہتمام کیا جاتا تھا اور اس کے لئے حکومت کی جانب سے تمام منظوریاں لی جاتی تھیں۔ کویتا نے بتایا کہ ان کی نمائندگی پر ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن کمار نے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنڈس کی اجرائی کیلئے وہ چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے۔2