محکمہ جات کے ساتھ28 جون کو انتظامات پر اجلاس
حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں 38 لاکھ 36 ہزار روپئے گرانٹ اِن ایڈ جاری کی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے رکن وقف بورڈ نثار حسین حیدر آغا کے علاوہ بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ گرانٹ اِن ایڈ کی اجرائی کا جائزہ لیا۔ ہر سال عاشور خانوں، سبیلوں اور انجمنوں کو گرانٹ اِن ایڈ منظور کی جاتی ہے۔ وقف بورڈ نے محرم کیلئے 506 عاشور خانے، 131 سبیلوں اور 49 انجمنوں کو گرنٹ اِن ایڈ جاری کئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب وقف بورڈ نے محرم کے آغاز سے کافی قبل ہی گرانٹ اِن ایڈ جاری کردی ہے۔ عاشور خانوں کی تزئین نو اور مرمتی کام محرم کے آغاز سے قبل مکمل کرلئے جائیں گے۔ اسی دوران محکمہ اقلیتی بہبود نے 28 جون کو محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں محکمہ جاتی جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کو اجلاس میں مدعو کیا ہے۔ پولیس، ٹریفک پولیس، برقی، آبرسانی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ہیلت اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو محرم کے دوران ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔1