حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ماہِ محرم الحرام کے سلسلہ میں عاشور خانوں اور انجمنوں کو تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے مزید 8 لاکھ روپئے جاری کیئے گئے۔ اس طرح اب تک جملہ 18 لاکھ روپئے محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں جاری کیے جاچکے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ عاشور خانہ اور انجمنوں کو ابتدائی 10 دنوں کے انتظامات کے سلسلہ میں یہ رقم جاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے وقف بورڈ ہر ممکن اقدامات کررہا ہے۔ مختلف محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں نمائندگی کی گئی ہے۔ محکمہ جات برقی، آبرسانی اور جی ایچ ایم سی کے علاوہ ٹریفک پولیس کو انتظامات کے سلسلہ میں وقف بورڈ کی جانب سے مکتوب روانہ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یاقوت پورہ میں عاشور خانہ امام باڑے کی تعمیر و مرمت کے لیے رقم مختص کی جائے گی۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تعمیر و مرمتی کاموں کے سلسلہ میں پلان تیار کریں جس کے مطابق وقف بورڈ رقم جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے عہدیدار وقتاً فوقتاً عاشور خانوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ محمد سلیم نے آئمہ اور موذنین کے ماہِ مئی کے اعزازیہ کے طور پر تین کروڑ 98 لاکھ کی اجرائی کو منظوری دے دی ہے۔ آئمہ اور موذنین کے اکائونٹ میں راست طور پر یہ رقم جمع ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آئمہ اور موذنین کو باقی مزید تین ماہ کا اعزازیہ جلد جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے 328 بیوائوں کو عدالت کی جانب سے مقرر کردہ گزارے کی رقم کے طور پر 4 لاکھ 93 ہزار روپئے جاری کیے۔ یہ رقم ماہ اگست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی کے ذریعہ مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی کی مختلف اسکیمات کا منصوبہ ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج ہائوز سے متصل زیر تعمیر کامپلکس کے تحفظ اور استعمال کے سلسلہ میں عنقریب وزیر اقلیتی بہبود اور چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائے گی۔