محرم کے دوران آندھراپردیش میں حکومت کے گائیڈ لائینس کی اجرائی

   

علم کے جلوس کی اجازت نہیں، فاتحہ میں 10 اور مجالس میں 40 افراد کی گنجائش
حیدرآباد : ماہِ محرم الحرام کے دوران حکومت آندھراپردیش نے کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر کے طور پر گائیڈ لائینس جاری کی ہیں۔ پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود محمد الیاس رضوی نے جی او آر ٹی 101 کے تحت محرم کے دوران عاشور خانوں اور مجالس میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 14 نکاتی رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے تاکہ محرم کے دوران عوام کو کورونا سے بچایا جاسکے ۔ تلنگانہ حکومت بھی آندھراپردیش کے گائیڈ لائینس کو اختیار کرتے ہوئے احکامات جاری کرسکتی ہے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے آندھراپردیش کے احکامات کو من و عن اختیار کیا تھا۔ محرم کے سلسلہ میں بھی آندھراپردیش کی گائیڈ لائینس کو اختیار کیا جاسکتا ہے ۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش وقف بورڈ نے گائیڈ لائینس تیار کرتے ہوئے حکومت کو روانہ کیں جسے منظوری دی گئیں۔ حکومت کے احکامات کے مطابق عاشور خانوں میں علم کی استادگی مجاور ، متولی یا مینجنگ کمیٹی کی جانب سے کی جائے گی اور اس موقع پر صرف 10 افراد موجود رہ سکتے ہیں جبکہ مجالس میں سماجی فاصلہ کے ساتھ 30 تا 40 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی ۔ عوام اور زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فاتحہ اور مجلس کا اپنے گھروں پر اہتمام کریں۔ عاشور خانوں میں سینیٹائزرس کا انتظام کیا جائے۔ ضعیف العمر افراد ، بچے اور سردی ، کھانسی اور بخار کا شکار افراد عاشور خانے جانے سے پرہیز کریں۔ شوگر ، ہائی بلڈ پریشر اور قلب کے امراض کا شکار افراد کو بھی گھروں میں فاتحہ کا اہتمام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ عاشور خانوں کے قریب کورونا کی احتیاطی تدابیر پر مشتمل بورڈ ڈسپلے کئے جائیں۔ 9 اور 10 محرم کا مجاور ، متولی یا مینجنگ کمیٹیوں کی جانب سے اہتمام کیا جائے اور اس میں صرف 10 افراد کو شرکت کی اجازت رہے گی۔ علم جلوس کی اجازت نہیں ہوگی۔ عاشور خانوں میں جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تبرک اور شربت کی تقسیم سیلڈ پیاکٹس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کی جاسکتی ہے۔ مجالس میں مقررہ تعداد کے مطابق زائرین کی آمد کے بعد گیٹ بند کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ضلع کلکٹر کو احکامات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔