محرم کے مؤثر انتظامات، محکمہ جات کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس

   

عوامی نمائندوں اور شیعہ تنظیموں کی شرکت، برقی، آبرسانی اور پولیس کے محکمہ جات کو ضروری ہدایات، گرانٹ اِن ایڈ کی بروقت اجرائی کا خیرمقدم
حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) محرم کے انتظامات کے سلسلہ میں حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی، صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی، صدر اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی فہیم قریشی، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال، ارکان اسمبلی میر ذوالفقار علی، کوثر محی الدین، جعفر حسین معراج، ارکان کونسل ریاض الحسن آفندی، رحمت بیگ، کمشنر پولیس سرینواس ریڈی، کمشنر جی ایچ ایم سی امراپالی، منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس اشوک ریڈی، رکن کونسل بی وینکٹ کے علاوہ مختلف سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں، شیعہ تنظیموں کے نمائندوں اور علماء نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے گرانٹ اِن ایڈ کی بروقت اجرائی کا شیعہ نمائندوں نے خیرمقدم کیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے عاشور خانوں، سبیلوں اور انجمنوں کو 38 لاکھ روپئے کی گرانٹ جاری کردی گئی۔ تنظیموں کا ماننا تھا کہ سابق میں گرانٹ اِن ایڈ کی اجرائی میں تاخیر کی جاتی رہی لیکن کانگریس حکومت نے بروقت اجرائی عمل میں لائی ہے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے محکمہ جات کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محرم کے دوران بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ اُنھوں نے محکمہ جات پولیس، برقی، آبرسانی، جی ایچ ایم سی اور ہیلت کے عہدیداروں کو بہتر تال میل کے ذریعہ کام کرنے کا مشورہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی کی بلاوقفہ سربراہی کے علاوہ پانی کی ٹینکرس کے ذریعہ سربراہی کو یقینی بنایا جائے۔ تنظیموں نے حکومت کے انتظامات اور دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تمام محکمہ جات کو ذمہ داریوں کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دی گئیں۔ 1