ڈی 2 میاپنگ پر عمل ، جی ایچ ایم سی سے عملی اقدامات
حیدرآباد۔یکم۔نومبر(سیاست نیوز) بلدیہ کی جانب سے محصولات جائیداد کی وصولی کیلئے عصری طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر حیدرآباد کی ڈی 2 میاپنگ کے عمل کو شروع کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ شہر کو مکمل طور پر آن لائن رکھتے ہوئے جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جائیداد ٹیکس ادا کرنے اور نہ کرنے والوں کو علحدہ کیا جاسکے۔تفصیلات کے مطابق جی ایچ ایم سی نے ماہ نومبر کے دوسرے ہفتہ سے شہر حیدرآباد کے 2ڈی سروے کا منصوبہ تیار کیا ہے جو کہ ختم ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ عہدیداروں کے مطابق شہرکے 2ڈی سروے کے بعد شہر میں محصول جائیداد کی وصولی میں 150 کروڑ تک کا اضافہ ممکن ہے کیونکہ شہر کی بیشتر جائیدادوں کو کمروں پر مشتمل یا ایک یا دو منزلہ بتاتے ہوئے ان کے ٹیکس کا تعین کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ کی جانے والی تعمیرات کے متعلق جی ایچ ایم سی کو واقف بھی نہیں کروایاگیا ہے جس کے سبب ٹیکس کی وصولی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ 2ڈی سروے کا مقصد ٹیکس کی وصولی میں ریکارڈ کئے جانے والے تفاوت کو دور کرنے کے علاوہ ٹیکس وصولی نظام میں یکسانیت پیدا کرنا ہے جو فی الحال نہیں ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ریکارڈ میں کئی تجارتی عمارتوں کو رہائشی قرار دیتے ہوئے ان کا رجسٹریشن کروایا گیا ہے جو کہ جی ایچ ایم سی کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے اور اب جب جی ایچ ایم سی کا 2ڈی سروے مکمل ہوجائے گا تو ان جائیدادوں کی مکمل تفصیلات جی ایچ ایم سی کے پاس موجود ہوں گی جو کہ تجارتی اغراض کیلئے استعمال کی جا رہی ہیں۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں ٹیکس چوری کیلئے کی جانے والی دھاندلیوں کو ختم کرنے کی صورت میں جی ایچ ایم سی کو ہونے والے نقصانات میں کمی واقع ہوگی اور جی ایچ ایم سی کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوگا اسی لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اندرون 45یوم جی ایچ ایم سی حدود کا 2ڈی سروے مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں خانگی کمپنی کو پراجکٹ بھی تفویض کیا جاچکا ہے جو کہ سرکاری عہدیداروں کی نگرانی میں اس پراجکٹ کو جاریہ سال کے اختتام سے قبل مکمل کرتے ہوئے پیش کردے گی۔ ذرائع کے مطابق اس سروے رپورٹ کی وصولی کے بعد جی ایچ ایم سی عہدیدار اس رپورٹ کی بنیاد پر ٹیکس کے تعین کے ساتھ نوٹس جاری کریں گے۔