محفوظ اور خوشیوں سے بھرپور دیوالی کیلئے احتیاط ضروری

   

کاماریڈی میں پولیس کی رہنمایانہ ہدایات جاری ، ایس پی کی جانب سے عوام کو مبارکباد

کاماریڈی۔19 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دیوالی تہوار کو محفوظ، پُرامن اور حادثات سے پاک انداز میں منانے کے لیے کاماریڈی ضلع پولیس کی جانب سے جامع رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تہوار کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آگ، شور و آلودگی سے بچاؤ کو یقینی بنائیں۔ پٹاخوں کے استعمال سے متعلق ہدایات دی ہیں ۔پولیس نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ پٹاخے صرف کھلے اور محفوظ مقامات پر ہی جلائیں اور آگ پکڑنے والے مواد یا گاڑیوں سے دور رہیں۔ مصنوعی کپڑوں کے بجائے سوتی لباس پہنیں اور بچے صرف بڑوں کی نگرانی میں ہی پٹاخے جلائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال کے لیے پانی، ریت یا آگ بجھانے کا آلہ قریب رکھیں۔ ایسے پٹاخے جو فوراً نہ جلیں (‘‘ڈڈ’’کرکرز) کو دوبارہ نہ جلائیں بلکہ 15 سے 20 منٹ بعد انہیں پانی میں بھگو دیں۔ گھروں کے اندر، چھتوں پر یا بند جگہوں میں پٹاخے جلانے سے گریز کریں، اور انسانوں یا جانوروں کی سمت پٹاخے نہ پھینکیں۔دیوالی کے موقع پر گھروں کو سجانے کے دوران تیل کے دیے اور موم بتیاں ہمیشہ مستحکم اور غیر آتش گیر سطح پر رکھیں۔ انہیں پردوں، کاغذی آرائش یا برقی تاروں سے دور رکھیں۔ روشن دیوں کو کبھی بھی بغیر نگرانی کے نہ چھوڑیں۔ برقی لائٹنگ استعمال کرتے وقت صرف معیاری مصنوعات ہی استعمال کریں اور ساکٹ کو اوورلوڈ نہ کریں۔پولیس نے عوام کو یاد دلایا کہ شور اور آلودگی پر قابو پانے کیلئے سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ اوقات کی پابندی لازم ہے۔ اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور بوڑھوں کے گھروں کے قریب پٹاخے نہ جلائیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ ماحول دوست‘‘گرین کرکرز’’کا استعمال کریں تاکہ تہوار خوشی کے ساتھ ساتھ فطرت کے لیے بھی محفوظ رہے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری مدد کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کریں پولیس کنٹرول روم (PCR): 100 یا 8712686133۔ فائر کنٹرول روم: 101۔ ایمرجنسی ریسپانس سپورٹ سسٹم (ERSS): 112۔