محفوظ زندگی کیلئے ٹیکہ ضروری ، مجبور کرنے کی افواہیں مسترد

   

بودھن ڈیویژن میں انسداد کوویڈ مہم پر آر ڈی او کا اظہار اطمینان

بودھن ۔ ضلع کلکٹر نظام آباد کی ہدایت پر بودھن ڈیویژن میں کوویڈ ویکسن کا نشانہ صد فی صد مکمل کرنے آر ڈی او بودھن راجیشور شب و روز سرگرم عمل ہے ۔ بودھن شہر میں بلدی عملہ انچارج کمشنر بلدیہ شیوا آنندم کی زیر نگرانی شہر کے ایک بلدی زون میں مقامی ارکان بلدیہ کے تعاون سے عوام الناس کو کوویڈ ویکسنیشن لینے ترغیب دے رہے ہیں ۔ آر ڈی او بودھن راجیشور ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لینے بودھن شہر میں گھوم پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے بودھن کی فیر پراپز شاپ نمبر 502 پر قائم ویکسنیشن سنٹر کا جائزہ لیا اور اس موقع پر موجود رپورٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے شہریوں کو جبراً ویکسنیشن دینے کی افواہوں کو آر ڈی او نے مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ٹیکہ نہ لینے والوں کو ٹیکہ کی اہمیت سے واقف کروانے شہر میں مہم چلائی جارہی ہے ۔ آر ڈی او نے بتایا کہ پہلے سے ہی شوگر ، بی پی اور ہارٹ کے امراض میں مبتلا مریض جن میں قوت مدافعت کم ہوتی ہے انہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ٹیکہ لینا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس سے تاحال ہم اپنے قریبی لوگوں سے جدا ہوچکے ہیں ۔ مزید کوئی جانی نقصانات سے محفوظ رہنے انسداد کوویڈ ویکسن لینا ضروری ہے ۔ انہوں نے بودھن ڈیویژن میں جاری انسداد کوویڈ ویکسن مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنے پیام میں عوام الناس سے تعاون کی خواہش کی ۔