محمد احمد شریف کا چیرمین اے پی قانون ساز کونسل انتخاب یقینی

   

آج اعلان ، چیف منسٹر چندرا بابو کی ہدایت پر ادخال پرچہ نامزدگی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : قومی جنرل سکریٹری تلگو دیشم پارٹی و گورنمنٹ وہپ آندھرا پردیش قانون ساز کونسل جناب محمد احمد شریف صدر نشین کونسل منتخب ہوں گے ۔ کونسل کے مخلوعہ صدر نشین عہدے کے لیے انتخاب منعقد کرنے کے سلسلہ میں نائب صدر نشین کونسل ریڈی سبرامنیم نے آج نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں بتایا گیا کہ آج شام تک اس انتخاب میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کرسکتے ہیں ۔ صدر نشین کونسل عہدے کے لیے برسر اقتدار تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے جناب محمد احمد شریف کے نام کو قطعیت دی اور انہیں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ جس پر موجودہ گورنمنٹ وہپ کونسل جناب محمد احمد شریف نے وزراء مسرس وائی راما کرشنوڈو ، لوکیش کے علاوہ کے ایس جواہر اور دیگر ارکان کونسل کے ہمراہ اپنا پرچہ نامزدگی الیکشن آفیسر کو پیش کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا وقت ختم ہونے تک جناب محمد احمد شریف کے سواء کوئی اور پرچہ نامزدگی داخل نہیں ہوا ۔ جس پر جناب محمد احمد شریف کا صدر نشین کونسل کے عہدے پر انتخاب یقینی ہوگیا ۔ تاہم جناب محمد احمد شریف کے صدر نشین منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان 7 فروری کو 11 بجے دن کیا جائے گا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر نشین کونسل کے عہدے پر سابق میں فائز جناب ین محمد فاروق کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے صدر نشین کے عہدے کے لیے جناب محمد احمد شریف کو فائز کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اس طرح مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش ریاستی قانون ساز کونسل صدر نشین عہدے پر اپنے با اعتماد قریبی رفیق جناب محمد احمد شریف کو فائز کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کیا ۔۔