تلنگانہ میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کا جائزہ
حیدرآباد : حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کے صدر اور سابق کپتان ہندوستانی کرکٹ ٹیم محمد اظہرالدین نے وزیر اسپورٹس و سیاحت وی سرینواس گوڑ سے ملاقات کی۔ لاک ڈاؤن کے بعد ریاست میں کرکٹ کے آغاز اور کھلاڑیوں کے لئے احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اسپورٹس نے مشورہ دیا کہ کرکٹ کھلاڑیوں کو بولنگ کے موقع پر گیند پر لعاب لگانے سے گریز کرنا چاہئے۔ میچ کے بعد کامیابی کا جشن منانے کے لیے ایک دوسرے سے ملاقات اور بغلگیر ہونے سے گریز کیا جائے۔ کرکٹ کی پریکٹس کے دوران کھلاڑیوںکی جانب سے ماسک کا استعمال لازمی طور پر کیا جانا چاہئے۔ سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی دوری کو برقرار رکھا جائے۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں۔ وزیر اسپورٹس نے کہا کہ کھلاڑیوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں اسپورٹس کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔