محمد اظہرالدین کی کابینہ میں شمولیت، گورنر جشنو دیو ورمانے راج بھون میں حلف دلایا

,

   

انگریزی میں اللہ کے نام پر حلف، چیف منسٹر اور وزراء کی شرکت، دو سال بعد مسلم وزیر کو کابینہ میں نمائندگی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی ریونت ریڈی کابینہ میں تقریباً دو سال کے وقفہ کے بعد آخرکار مسلم وزیر کو شامل کیا گیا۔ گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے آج راج بھون میں منعقدہ تقریب میں محمد اظہرالدین کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ کابینہ میں توسیع کے ذریعہ صرف ایک وزیر کو شامل کیا گیا ہے ۔ حلف برداری تقریب راج بھون کے دربار ہال میں منعقد ہوئی جو محض 5 منٹ پر مشتمل تھی ۔ دوپہر 12.28 بجے قومی ترانہ کے ساتھ تقریب کا آغاز ہوا اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ محمد اظہرالدین نے 12.29 بجے حلف لیا ۔ اظہرالدین شیروانی میں ملبوس تھے اور انہوں نے انگریزی میں اللہ کے نام پر حلف لیا۔ حلف لینے کے بعد اظہرالدین نے جئے تلنگانہ اور جئے ہند کا نعرہ لگایا۔ گورنر جشنو دیو ورما اور چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اظہرالدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ 12.32 بجے قومی ترانہ کے ساتھ تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ بعد میں گورنر کے ساتھ تمام وزراء کی گروپ فوٹو لی گئی ۔ تقریب حلف برداری میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، اسپیکر اسمبلی پرساد کمار، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، پی سرینواس ریڈی ، ڈی سریدھر بابو ، پونم پربھاکر، جوپلی کرشنا راؤ دامودر راج نرسمہا ، ٹی ناگیشور راؤ ، وی سری ہری ، اے لکشمن کمار ، ڈائرکٹر جنرل پولیس شیو دھر ریڈی ، حکومت کے مشیر ڈاکٹر کے کیشو راؤ ، گورنمنٹ وہپ اے سرینواس، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، صدرنشین فارمرس کمیشن ایم کودنڈا ریڈی ، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کے علاوہ عوامی نمائندے اور اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ کانگریس کے قائدین نے مدن موہن راؤ رکن اسمبلی ، روہن ریڈی اور قاضی سید ارشد پاشاہ نائب صدرنشین بودھن بھی تقریب میں شریک تھے۔محمد اظہرالدین کا جنم 3 فروری 1963 کو حیدرآباد میں ہوا۔ آل سینٹس اسکول میں اسکولی تعلیم کے بعد نظام کالج سے بی کام کی تکمیل کی۔ 1984 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور 1989 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر کئے گئے۔ کرکٹ کیریئر کے 16 برسوں میں 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے میچس کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد فروری 2009 میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور یو پی کے مراد آباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ اظہرالدین نے 2023 اسمبلی انتخابات میں جوبلی ہلز سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا۔ اظہرالدین کی شمولیت سے ریونت ریڈی کابینہ کے وزراء کی تعداد 16 ہوچکی ہے۔ مزید دو وزراء کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے۔ 1