محمد اظہرا لدین ، ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے؟

,

   

چیف منسٹر کے سی آر سے آج ملاقات ، کانگریس چھوڑنے کی اطلاع غلط : سابق کپتان

حیدرآباد۔27ستمبر(سیاست نیوز) محمد اظہر الدین کی ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی اطلاعات گشت کر رہی ہیں ۔ وہ کل 11 بجے دن چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرنے والے ہیں ۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے انتخابات میں صدارتی امیدوار محمد اظہر الدین اور ان کے پیانل کے تمام امیدواروں کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی اور اس کے ساتھ حیدرآباد کرکٹ شائقین اور کھلاڑیوں کی توقعات میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے انتخابات میں پیدا شدہ رکاوٹ کو دور کرتے ہوئے مسٹر سمپت کمار کی نگرانی میں کروائے گئے انتخابات میں جناب محمد اظہر الدین نے 147 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے قریبی حریف امیدورا پرکاش چند جین کو صرف 72 ووٹ حاصل ہوئے ۔محمد اظہر الدین نے صدارتی عہدہ پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی کہ ان کا انتخاب سیاسی نوعیت کا حامل ہے یا انہیں برسراقتدار سیاسی جماعت کی تائید حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی قلا بازی پر یقین نہیں رکھتے اور وہ اب بھی کانگریس پارٹی میں ہیں ۔ اظہر الدین کے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کے صدر منتخب ہوتے ہی یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں کہ وہ جلد تلنگانہ راشٹر سمیتی میں شمولیت اختیار کریں گے لیکن انہوں نے اس بات کی تردید کردی اور کہا کہ ان کا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہو ںنے واضح کیا کہ وہ چیف منسٹر سے صدر حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کی حیثیت سے ملاقات کریں گے اور کرکٹ کی ترقی پر ہی بات چیت کریں گے۔ذرائع کے مطابق محمد اظہر الدین نے چیف منسٹر مسٹر کے چند رشیکھر راؤ اور مسٹر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کے لئے وقت طلب کیا ہے اور وہ ہفتہ کے دن ان سے پرگتی بھون میں ملاقات کریں گے۔ محمد اظہر الدین کے پیانل میں نائب صدر کے عہدہ پرجان مجنوج نے 136 ووٹ حاصل کئے جبکہ آر وجئے آنند ‘ نریش شرما ‘ سریندر اگروال کے علاوہ مسز انورادھا نے کامیابی حاصل کی۔ محمد اظہر الدین کی کامیابی پر راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں جشن کا ماحول دیکھا گیا اور ہزاروں کی تعداد میں مداح ان کے انتخابی نتائج کی جانکاری کیلئے موجود تھے۔ اظہرالدین نے کہا کہ حیدرآباد کرکٹ کو نئی جلا بخشنا ان کا مقصد ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کے لئے اپنی ممکنہ کوشش کریں گے۔ بی سی سی آئی سے وصول طلب 120کروڑ روپئے کے متعلق کہا جارہا کہ نئی کمیٹی کی جانب سے یہ رقم حاصل کرتے ہوئے حیدرآباد کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کیا جائے گا۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے کرکٹ کلبس کے ذمہ داران جناب محمد فاروق‘ جناب محمد محبوب ‘ جناب عبدالمعز کے علاوہ جناب اعظم رضوان نے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن بالخصوص محمد اظہر الدین کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حسب وعدہ اب اظہر الدین سے توقع ہے کہ وہ پرانے شہر میں حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کی نگرانی میں کرکٹ کی تربیت اور کھلاڑیوں کی تیاریوں کا آغاز کریں گے چونکہ کافی طویل عرصہ سے حیدرآباد کرکٹ اسوسیشن کی جانب سے پرانے شہر کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جاتارہا ہے۔