محمد اظہر الدین کو جوبلی ہلز میں نوجوانوں کی غیرمعمولی تائید

   

بورا بنڈہ میں پدیاترا، علاقوں میں تعلیم اور طبی سہولتوں کا وعدہ
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں کانگریس امیدوار محمد اظہر الدین کی انتخابی مہم میں نوجوانوں کی شمولیت سے نئی جہت ملی ہے۔ محمد اظہر الدین جو سیاستداں سے زیادہ سابق کپتان ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے طور پر اپنی شناخت رکھتے ہیں روزانہ مختلف علاقوں میں پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے آج بورا بنڈہ میں پدیاترا کی اور عوام سے ملاقات کرتے ہوئے بھروسہ دلایا کہ منتخب ہونے کے بعد وہ علاقہ کی ہمہ جہتی ترقی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ اظہر الدین کا جگہ جگہ عوام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور عوام نے عہد کیا کہ اس مرتبہ کانگریس کو جوبلی ہلز سے کامیاب کرتے ہوئے اظہر الدین کو قانون ساز اسمبلی میں پہنچائیں گے۔ اظہر الدین نے کہا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی نے غریب اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو فراموش کردیا ہے۔ علاقہ میں غیر سماجی عناصر کے ذریعہ کانگریس کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اظہر الدین نے دعویٰ کیا کہ انہیں تمام طبقات کی تائید حاصل ہے اور وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ نئے اداروں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سلم علاقے آج بھی بنیادی بلدی، برقی، آبرسانی اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے علاقہ کے عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت جوبلی ہلز سے مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں غیر معمولی تائید کے حصول پر یقین ہے کہ کانگریس پارٹی طویل عرصہ کے بعد جوبلی ہلز میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے رائے دہندوں کو یقین دلایا کہ علاقہ میں تعلیمی اور طبی سہولتوں میں اضافہ کے اقدامات کریں گے۔ کانگریس نے عوام کیلئے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے ان پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ غریب خاندانوں کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کیلئے 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر سربراہ کیا جائے گا۔ خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے امداد دی جائے گی اور ماہانہ پنشن 4 ہزار روپئے کردیا جائے گا۔ سرکاری اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں غریبوں کو 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت رہے گی۔