محمد بن سلمان نے امیرقطر کو العلا کی سیر کرائی

,

   

سعودی ولیعہد شہزادہ نے اپنی کار سے تاریخی شہر کا دورہ کروایا، امیر قطر کا اظہارپسندیدگی

العلا: سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کو تاریخی شہر العلا کی سیر کرائی۔ ولیعہد شہزادہ اور نائب وزیراعظم و وزیردفاع محمد بن سلمان نے اپنی کار میں امیرقطر کو لیکر شہر العلا کا دورہ کیا۔ ان کے سیر کرانی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سعودی عرب اور قطر کے عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ محمد بن سلمان کی مہمان نوازی پر اظہارمسرت کرتے ہوئے امیرقطر شیخ تمیم نے العلا کی سیر کے بعد اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ اس دورہ کو دونوں برادر ملکوں کے درمیان مصالحت کی روشن علامت قرار دیا جارہا ہے۔ سعودی ولیعہد العلا میں خلیج تعاون کونسل کی چوٹی کانفرنس کے اختتام کے بعد امیرقطر کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے مہمان کو مدائن صالح لے گئے۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہیکہ محمد بن سلمان کی گاڑی اسلب پہاڑی مدائن صالح کے سامنے سے گذر رہی ہے۔ اس کے اطراف کھلا میدان ہے۔ یہاں جانے کیلئے تنگ راستہ ہے جسے مقامی باشندے السیق کہتے ہیں۔ اسے الدیوان بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دو ستونوں میں گھرا ہوا ہے۔ اندرونی حصہ میں تین چٹان کو تراش کر ایک بڑا ہال بنایا گیا ہے۔ دیواروں پر پتھر کی نشستیں بنی ہوئی ہیں۔ چٹان میں تراشا ہوا کمرہ ہمیشہ معتدل آب و ہوا سے مامور رہتا ہے کیونکہ بیرونی حصہ شمال کی طرف واقع ہے اس وجہ سے اس کے کمرہ میں کبھی سورج کی کرنیں نہیں پڑتی۔ یہاں آنے والے خود کو پرسکون محسوس کرتے ہیں۔ سیاح جبل اسلب پر چڑھ کر مدائن صالح کا دلکش منظر ضرور دیکھتے ہیں۔