وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا اعلان، یوم سرسید تقریب سے خطاب
ریاض (کے این واصف) : مملکت سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ڈاکٹریت (D.Lit) کی ڈگری پیش کرے گی آئندہ جب بھی وہ ہندوستان کے دورے پر آئین گے۔ اسوسی ایشن کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ بات وائس چانسلر اے ایم یو پروفیسر طارق منصور نے کہی۔ وہ یوم سر سید کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس تقریب کا اہتمام جمعرات کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز (المنی) اسوسی ایشن کی جانب سے ریاض میں یوم سر سید کا اہتمام کیا تھا۔یوم سر سید تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر طارق منصور نے مزید کہا کہ ان کی میعاد میں جامعہ علی گڑھ میں 40 نئے کورسز شروع کئے گئے۔ انہوں نے ہند ۔سعودی کے خوشگوار اور مستحکم تعلقات پر مسرت کا اظہار کیا۔ طارق مسعود نے ملک سے باہر رہنے والے علی گڑھ کے فارغ التحصیل افراد سے کہا کہ وہ جب بھی وطن آئیں اپنی مادر درسگاہ کا دورہ ضرور کریں۔ تقریب کے مہمان اعزازی فلم اور ٹیلی ویژن کے معروف اداکار آصف شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ دیکھ کر مسرت ہورہی ہیکہ علی گڑھ کی ثقافت ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے اس پروقار تقریب میں انھیں مدعو کرنے کیلئے اموبا کا شکریہ ادا کیا۔ ابتدا میں اموبا کے صدر محمد ارشد علی خاں نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی تعلیم میں مضمر ہے اور یہی سر سید کا مشن اور مقصد حیات تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم علیگز کی ذمہ داری ہیکہ ہم ملک اور قوم کی ترقی کیلئے سر سید کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے پروفسر طارق منصور اور آصف شیخ کا اموبا کی دعوت قبول کرنے اور سر سید ڈے میں شرکت کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ ارشد نے ڈاکٹر ندیم ترین، انجینئر عبد العظیم خاں، محمد عادل، ڈاکٹر انور خورشید، معراج محمد خاں، ڈاکٹر سلمان خالد سید محمد مطیب، ہمایوں ہاشمی، ڈاکٹر ابولفراح وغیرہ کا تقریب میں شرکت اور بھر پور تعاون کیلئے بھی شکریہ ادا کیا۔ فیصل زبیری، جنرل سکریٹری اموبا نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ نائب صدر اموبا مسز سمینہ مسعود نے اختتام پر شکریہ ادا کیا۔