l مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگائے جائیں گے
l زندگی بہتر بنانے اور عوام کی صحت کے تحفظ کیلئے مؤثر اقدامات پر زور
ریاض : سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مشرق وسطیٰ کو سرسبز بنانے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے اپنے غیرمعمولی منصوبے ’گرین مڈل ایسٹ‘ پروجیکٹ پر خلیجی ممالک کی قیادت سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انہوںنے خلیجی قائدین کو اپنے اس منصوبے کے اغراض ومقاصد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ دوسری طرف خلیجی قائدین نے بھی سعودی ولی عہد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اس میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔تفصیلات کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کے روز کویت کے امیر الشیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ‘سرسبز مشرق وسطی’ اقدام کے حوالے سے بات چیت کی۔ سعودی ولیعہد کے اس منصوبے کے تحت آنے والے چند برسوں کے دوران مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگائے جائیں گے۔ معاصر تاریخ میں یہ سب سے بڑی شجری کاری مہم ہے۔ منصوبے کے تحت تیل کی پیداوار کے ساتھ ساتھ متبادل توانائی کے منصوبوں، آبی اور ساحلی ماحول کے تحفظ اور فطری حیات کے لیے محفوظ قرار دیئے گئے مقامات کے تحفظ کا عزم کیا گیا ہے۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں خطے اور پوری دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے عرب ممالک کی سطح پر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ولیعہد نے معیاری زندگی بہتر بنانے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔دوسری طرف امیر کویت نے ’سرسبز مشرق وسطی اقدام‘ پر سعودی ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کومبارک باد پیش کی۔شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مشرق وسطیٰ اقدام کے حوالے سے بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ بحرین اور قطر کے فرمانروائوں سے بھی بات چیت میں ‘سرسبز مشرق وسطیٰ’ اقدام پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔خیال رہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہفتے کے روز ماحول کی آلودگی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے سعودی سبزاقدام اور مشرق اوسط سبزاقدام کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ’’دنیا میں تیل کے سب سے بڑے پیداکنندہ ملک کی حیثیت سے ہم موسمیاتی بحران کے خلاف جنگ میں اپنی ذمہ داریوں سے مکمل طور پرآگاہ ہیں۔تیل اور گیس کے دور میں ہم نے توانائی مارکیٹوں کے استحکام میں اساسی کردارادا کیا ہے۔ہم آئندہ گرین دور میں بھی اپنا قائدانہ کردارادا کرتے رہیں گے۔‘‘