ریاض : الاولیٰ رائل کمیشن کے صدرنشین اور ولیعہد عزت مآب محمد بن سلمان نے ایک ایسے انوکھے ماسٹر پلان کی لانچنگ انجام دی ہے جس کے ذریعہ وزیٹرس (سیاح) دو لاکھ سال تک انسانی تاریخ کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔ اس ماسٹر پلان کیلئے 15 سال کی میعاد مقرر کی گئی ہے جس کے دریعہ الاولیٰ کی ترقی کو ایک نیا رخ دیا جائے گا جو ایک جیتا جاگتا میوزیم بن کر سامنے آئے گا۔ ’’جنری تھرو ٹائم ماسٹر پلان‘‘ کے تحت الاولیٰ کو ایک عالمی سطح کے سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا اور ان میں جن ڈسٹرکٹس کو شامل کیا گیا ہے ان میں الاولیٰ اولڈ ٹاؤن، دادان، جبل اکماہ، نباتین ہورائزن اور ہیگرا تاریخی شہر شامل ہیں۔ 46 کیلو میٹر طویل ٹرام لائن کے ذریعہ اسے الاولیٰ ایرپورٹ سے جوڑا جائے گا۔ یہ وہی ٹرام لائن ہے جو حجاز میں زائرین استعمال کرتے آئے ہیں۔ ایک عالمی معیار کا سیاحتی مرکز بننے کے بعد یہاں ہوٹلس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔ 2035ء تک اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جس کے بعد یہاں 38000 نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔