ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی صدر ولادی میر پوتین کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔بات چیت میں سعودی عرب اور روس کے درمیان تعاون کے شعبوں اور ان کے فروغ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح یوکرین کا بحران حل کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ سعودی ولی عہد نے باور کرایا کہ مملکت اس سلسلے میں مکالمے کی سہولت کاری کیلئے تمام کوششیں کرنے اور وہ سب کرنے کیلئے تیار ہے جس سے یوکرین میں بحران کے سیاسی حل تک پہنچا جا سکے۔روسی صدر نے ایک بار پھر مملکت کی تعمیری کوششوں اور قابل تعریف مساعی پر شکریہ ادا کیا اور انھیں قدر کی نگاہ سے دیکھا۔ یہ بات سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے بتائی۔کرملن ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے یوکرین کے بحران کے تصفیے کیلئے ریاض کی کوششوں کو سراہا۔کرملن کے مطابق پوتین نے سعودی عرب کی وساطت کاری کی ان کوششوں کی ستائش کی جنھوں نے واشنگٹن کے ساتھ بات چیت کی راہ ہموار کی۔پوتین اور محمد بن سلمان نے اوپیک پلس کے ضمن میں بھی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔روسی صدر نے بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کے اہم کردار پر اظہار تشکر کیا۔ انھوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ان کی سفارتی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا جو عالمی برادری میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب اس وقت امریکہ، روس اور یوکرین کی قیادت کا مرکزی سفارتی چہرہ بن چکا ہے۔ بین الاقوامی قائدین اس بحران کے پر امن حل کی تلاش میں ریاض کا سہارا لے رہے ہیں۔ یہ متعلقہ فریقوں کو اکٹھا کرنے اور جامع سیاسی تصفیے تک پہنچنے کیلئے ان کے نقطہ ہائے نظر کو قریب لانے کیلئے … ریاض کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔