لاہور۔18جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے رواں سال آسٹریلیا میں مجوزہ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کردیا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے ٹیم میں دوبارہ شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دوبارہ نمائندگی کا موقع ملنے پر بہت پرجوش ہوں اور میری نگاہیں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز پر مرکوز ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے لئے17سال سے بحیثیت بیٹسمین ہی کھیلا ہوں۔بولنگ ہمیشہ ہی ایک اضافی مثبت پہلو رہا ہے جس سے پاکستانی ٹیم اورمجھے بہت فائدہ ہوا لیکن ہمیشہ اپنے کیریئر کے بارے میں بیٹسمین کی حیثیت سے ہی سوچا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں تجربہ کار محمد حفیظ اورشعیب ملک کی واپسی ہوئی تھی۔ سبکدوشی کے حوالے سے حفیظ نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی اورفٹنس کی بنیاد پر ٹی20 ورلڈ کپ کھیل کر بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنا چاہتا ہوں۔
