محمد حفیظ کو ڈھاکہ ایرپورٹ پر روک لیا گیا

   

ڈھاکہ ۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش پریمیئرلیگ (بی پی ایل) کا آغاز کل 5جنوری کو ہوگا۔ اس سلسلہ میں دیگر ممالک کے کھلاڑی بنگلہ دیش پہنچے لگے ہیں۔ پاکستان کے بھی کئی کھلاڑی اس ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے ہیں اور وہ بنگلہ دیش پہنچ گئے ہیں۔ تاہم پاکستان کے سینئر کرکٹر محمد حفیظ جب ڈھاکہ ایر پورٹ پرپہنچے تو انہیں ایرپورٹ پر روک دیا گیا اور وہ ڈی پورٹ ہونے سے بال بال بچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ ویزا کے بغیر ہی ڈھاکہ پہنچ گئے ، جس کی وجہ سے انہیں ایر پورٹ پر روک دیا گیا۔ تاہم بنگلہ دیش کے سینئر حکام اور بی پی ایل حکام کی مداخلت کے بعد انہیں ویزا جاری کردیا گیا اور پھر وہ بنگلہ دیش میں داخل ہوسکے۔ دراصل پہلے بنگلہ دیش میں بی پی ایل کھیلنے کے لئے آنے والے کھلاڑیوں کے لئے ’آمد پر ویزا‘ کی پالیسی تھی ، لیکن حال ہی میں وہاں ہوئے انتخابات کی وجہ سے اس مرتبہ پالیسی میں تبدیلی کردی گئی تھی اور بیرون ممالک کے کرکٹر کو ویزا لے کر آنا لازمی قرار دیا گیا تھا ، لیکن حفیظ اس نئی پالیسی سے لاعلم تھے ، جس کی وجہ سے ایسا ہوگیا۔