اسلام آباد ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جمعہ کو ایک ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ای سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اتوار 28 جون کو اپنے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے برطانیہ پہنچے گی۔پاکستان کے کورونا مثبت پائے جانے والے 10 میں سے 6 کرکٹرز کا نیا ٹیسٹ اب منفی آیا ہے لیکن یہ 6 کھلاڑی ابھی بھی ٹیم کیساتھ روانہ نہیں ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کیلئے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جو اتوار کو روانہ ہوگا جس میں کچھ نئے کھلاڑی شامل کئے گئے ہیں۔ مثبت پائے جانے والے 10 میں سے 6 پاکستانی کرکٹرز کا دوسرا ٹیسٹ اب منفی ہوگیا ہے جبکہ چار کا کورونا ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت ہوگیا ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ہفتے کے روز کہا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، شاداب خان، محمد رضوان اور محمد حسنین کا دوبارہ ٹیسٹ منفی آیا ہے جبکہ کاشف بھٹی، حارث رؤف، حیدر علی اور عمران خان کا دوبارہ ٹیسٹ ایک بار پھر مثبت پایا گیا ہے۔ ٹیم کے مایشیہ ملنگ علی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ دوسرے تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کا بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا اور ان سب کے نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور ان سب کو منفی پایا گیا ہے۔