محمد خان اور نسیم شاہ آسٹریلیائی بیٹنگ کو پریشان کرنے کیلئے پرعزم

   

کراچی ۔23 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) دورہ آسٹریلیا کے ذریعے پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم میں منتخب ہونے والے نوجوان فاسٹ بولر محمد موسیٰ خان اور نسیم شاہ نے آسٹریلیائی بیٹنگ شعبہ کو نشانہ بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ موسیٰ خان اور نسیم شاہ دونوں ہی پاکستان کے تیز ترین فاسٹ بولروں میں شمار کیے جاتے ہیں جہاں 19 سالہ موسیٰ خان کو ٹسٹ اور ٹی20 دونوں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ 16سالہ نسیم شاہ کو 19سالہ شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ صرف ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ موسیٰ خان نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کر سکوں اور اپنی تیز بولنگ سے سب کو متاثر کر سکوں۔ انہوں نے کہا کہ میری طاقت تیز بولنگ ہے، وقار یونس اور شعیب اختر میرے آئیڈیل ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ ان جیسی کارکردگی دکھاؤں اور ان کی طرح بیٹسمینوں کے دل میں اپنا خوف پیداکر سکوں۔ موسیٰ خان اور نسیم شاہ کی دورہ آسٹریلیا کے لئے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئے انتظامیہ کا جرات مندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے جہاں نئے کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نئے کھلاڑیوں کے ذریعے آسٹریلیا میں جارحانہ کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اپنی تیز بونسرز سے پاکستان کے ڈومیسٹک کرکٹ میں دھاک بٹھانے والے نسیم شاہ نے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان ٹیم میں پہلی مرتبہ منتخب ہونے کے فوراً بعد ہی اپنا تاثر چھوڑنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مجھے دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹسٹ میچوں میں موقع ملا تو اپنی فاسٹ بولنگ اور سوئنگ سے اچھا تاثر قائم کرنے کی کوشش کروں گا۔ 16سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا میں وکٹیں فاسٹ بولروں کے لئے سازگار ہوتی ہیں اور میری نظر ان حالات کو بہترین طریقے سے استعمال کرتے ہوئے میزبان بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے پر مرکوز ہو گی۔