محمد راحیل کی شاندار کارکردگی ، ہندوستان 6-0 سے کامیاب

   

آئنڈہوون، 10 جولائی (آئی اے این ایس)۔ انڈیا اے مردوں کی ہاکی ٹیم نے یورپ کے جاری دورے کے دوسرے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 0-6 سے با آسانی شکست دے دی۔ ایک بار پھر اْتم سنگھ نے انڈیا اے ٹیم کے لیے گول کرکے اسکورکا آغازکیا، جس کے بعد کپتان سنجے نے دوسرا گول داغا۔ مڈفیلڈر محمد راحیل موسیٰ نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے مسلسل دو شاندارگول کیے، جبکہ اماندیپ لکرہ اور ورون کمار نے بھی ایک ایک گول کرکے انڈیا اے کو آئرلینڈ کے خلاف 0-6 کی فیصلہ کن فتح دلائی۔میچ کے فوراً بعد کوچ شیوندر سنگھ نے کہا، ’’ہم نے آئرلینڈ کے خلاف دو بہت اچھے میچ کھیلے ہیں اور میں خوش ہوں کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی مثبت سمت میں جا رہی ہے۔ اب ہمارا اگلا میچ فرانسیسی ٹیم کے خلاف ہوگا اور امید ہے کہ وہاں بھی ہم اسی طرح کی کارکردگی دکھائیں گے۔قبل ازیں منگل کو انڈیا نے یورپ کے دورے کا آغاز آئرلینڈکے خلاف 1-6 کی شاندار جیت سے کیا تھا، جو ہاکی کلب اورنجے روڈ میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں بھی اْتم سنگھ نے گول کر کے ٹیم کا کھاتہ کھولا تھا، جس کے بعد اماندیپ لکرہ نے برتری میں اضافہ کیا۔ اس کے بعد آدتیہ لالگے نے مسلسل دوگول کر کے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ فارورڈز سیلوَم کارتھی اور بوبی سنگھ دھامی نے بھی ایک ایک گول کرکے اسکور بورڈ پر اپنا نام درج کروایا۔ آئرلینڈ صرف ایک تسلی بخش گول ہی کر سکا کیونکہ انڈیا نے مضبوط دفاع کے ساتھ برتری برقرار رکھی۔انڈیا کا اگلا مقابلہ فرانس، انگلینڈ، بیلجیم اور میزبان نیدرلینڈز سے ہوگا، جو آئندہ دو ہفتوں تک جاری رہیں گے۔ یہ میچز کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور تیاری کو پرکھنے کے لیے رکھے گئے ہیں، تاکہ قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط اور باصلاحیت پول تیارکیا جا سکے۔ ہاکی انڈیا اس دورے کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر تجربہ دینے اور سینئر ٹیم کے لیے مستقبل کے ستاروں کو نکھارنے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔کوچ نے مزید کہا کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کی تیاری درست سمت میں جاری ہے اور ہم آنے والے اہم ایونٹ کیلئے ایک مضبوط ٹیم کی تیاری کے خواہاں ہیں۔