محمد سراج بنے کرکٹ کے میاں بھائی

   

حیدرآباد کے مختلف مقامات پر ہندوستانی کرکٹ اسٹار کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس
حیدرآباد۔ 21 اگست (سیاست نیوز) میاں میاں میاں بھائی اپن کو بولتے میاں بھائی یہ کسی نغمہ کے بول ہیں جو حقیقت کا روپ اختیار کرچکے ہیں۔ آج دنیائے کرکٹ میں گونج رہے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں شامل حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج کا جب بھی ذکر آتا ہے تو انہیں میاں بھائی کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ لارڈس میں انگلینڈ کے خلاف ٹیم انڈیا کی شاندار و غیر معمولی کامیابی کے بعد تو محمد سراج کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی ہے۔ اب انہیں ہندوستان میں کرکٹ کا میاں بھائی قرا ر دیا جارہا ہے۔ لارڈس ٹسٹ میں محمد سراج نے 8 وکٹیں لیتے ہوئے کئی ریکارڈس اپنے نام کرلئے ہیں۔ ان پر سابق میں کئی تنقیدیں کی گئی۔ جب بھی وہ لارڈس کے میدان پر انگلینڈ کے کھلاڑیوں کا وکٹ لیتے تو کلمہ شہادت کی انگلی اپنے لبوں پر رکھتے ہوئے جشن مناتے تھے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے لبوں پر انگلی رکھنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو جواب دیتے ہوئے محمد سراج نے بتایا کہ نا قدین ان کے بارے میں بہت کچھ منفی کہا کرتے تھے مثال کے طور پر سراج یہ نہیں کرسکتے، سراج وہ نہیں کرسکتے تب انہوں نے ٹھان لیا تھا کہ اس کا جواب زبان سے نہیں بلکہ اپنی گیند سے دیں گے۔ اس طرح میری گیند نے ان کی تنقیدوں کا جواب دیا اور لبوں پر انگلی رکھنا ان کی خوشی منانے کا ایک انداز بن گیا۔ واضح رہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر محمد سراج کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس لگائے گئے ہیں۔ جس میں انہیں اپنے لبوں پر انگلی رکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انگلینڈ میں جاری ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کی کامیابی پر فرسٹ لانسر اور ٹولی چوکی کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر نوجوانوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے۔