ایڈیلیڈ۔15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرے ونڈے میں خلیل احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے محمد سراج نے اپنے ڈیبیومیچ میں ہی منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ آسٹریلیا کے خلاف اس میچ سے ونڈے کرکٹ میں قدم رکھنے والے سراج نے 10 اووربولنگ کی، جس میں انہوں نے 76 رنز خرچ کردیئے اور ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکے۔محمد سراج ونڈے کرکٹ میں ڈیبیومیچ میں سب سے زیادہ رنز دینے والے دوسرے ہندوستانی بولر بن گئے ہیں۔ اس فہرست کا سب سے پہلا نام کرسن گھاوری کا آتا ہے، جنہوں نے1975 میں انگلینڈ کے خلاف 11 اوورمیں 83 رن دیئے تھے۔ سراج نے امت بھنڈاری کو پیچھے چھوڑا۔ بھنڈاری نے 2000 میں ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف 10 اوورمیں 75 رن دیئے تھے لیکن دو وکٹ لینے میں بھی کامیاب رہے تھے۔ ٹی 20 کرکٹ میں بھی سراج کا ڈیبیو کچھ ایسا ہی رہا تھا۔ وہ ٹی 20 ڈیبیومیں سب سے زیادہ رنز خرچ کرنے والے دوسرے ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ 2017 میں راج کوٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 میں ڈیبیوکرتے ہوئے سراج نے 53 رنز خرچ کردیئے تھے۔ اس میچ میں انہیں صرف ایک کامیابی ملی تھی۔ ایڈیلیڈ میں اس حیدرآبادی نے 7.60 کی اوسط سے رنز دیئے، جس میں میزبان نے 12 چوکے لگائے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اورہندوستان کے درمیان دوسرے ونڈے میچ میں خلیل احمد کی جگہ محمد سراج کو موقع دیا گیا تھا، جس میں وہ بھی بہت مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ اس کے بعد آسٹریلیا نے 50 اوورمیں 9 وکٹ کے نقصان پر298 رن بنالئے۔