نئی دہلی: ہندوستانی سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے یشسوی جیسوال کی چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستانی کی حتمی 15 رکنی ٹیم میں شمولیت پر شبہ ظاہرکیا ہے، یہ تجویز دیتے ہوئے کہ نوجوان اوپنر شاید ٹیم کے منصوبوں میں مزید موزوں نہ ہو۔ چوپڑا کا ماننا ہے کہ ہندوستان کی بیٹنگ آرڈر مستحکم ہو چکی ہے، جس کے باعث جیسوال کی ضرورت باقی نہیں رہتی اور محمد سراج کو بطور متبادل ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر جسپریت بْمراہ وقت پر صحت یاب نہ ہو سکے۔ یشسوی جیسوال جنہوں نے 6 فروری کو انگلینڈ کے خلاف ناگپور میں اپنا ونڈے ڈیبیو کیا تھا، ابتدا میں متاثرکن نظر آئے لیکن وہ جوفرا آرچرکی گیند پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے۔ تاہم، دوسرے میچ میں ویراٹ کوہلی کی واپسی کے بعد انہیں فوراً خارج کردیا گیا، جس سے ان کے مستقبل کے حوالے سے سوالات پیدا ہوگئے۔ آکاش چوپڑا نے اپنے یوٹیوب شو میں کہا کہ ہندوستان کا ٹاپ آرڈر اب مستحکم ہو چکا ہے، روہت شرما فارم میں واپس آچکے ہیں، شبمن گل نائب کپتان کی حیثیت میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، اور ویراٹ کوہلی ٹیم کا ناقابلِ تبدیل حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریاس ایّرکی میچ جتوانے والی 36 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز نے ہندوستان کی ٹیم کے انتخابی منصوبوں کو تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا شریاس ایّر نمبر4 پر ہیں۔ نمبر 5 پر کے ایل راہول، رشبھ پنت یا اکشر پٹیل ہوں گے، یہ جگہ بھی طے ہو چکی ہے۔ راہول یا پنت میں سے کسی ایک کو ٹیم سے باہر بیٹھنا پڑے گا۔ ایسے میں ایک اضافی بیٹر کی گنجائش کم رہ جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ شاید یشسوی جیسوال کی ٹیم میں جگہ نہ بن سکے۔ چوپڑا نے اشارہ دیا کہ ہندوستان شروع میں بیٹنگ آرڈر میں لیفٹ۔ بائیں دائیں اشتراک رکھنا چاہتا تھا، لیکن شریاس ایّرکی شاندار اننگز کے بعد یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔چوپڑا نے کہا کہ چونکہ جسپریت بْمراہ کی چمپئنز ٹرافی میں دستیابی ابھی تک غیر یقینی ہے، اس لیے محمد سراج کو ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے۔ سراج کو انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز اور چمپئنز ٹرافی کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا، لیکن اگر ہندوستان کو تین فاسٹ بولروںکی ضرورت محسوس ہوئی، تو ان کا تجربہ کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی مجھے محمد سراج کے چمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل ہونے کے واضح امکانات نظر آرہے ہیں، خاص طور پر اگر آپ کو پاکستان کے خلاف تجربہ کار فاسٹ بولرکی ضرورت ہو۔ آپ تین فاسٹ بولروں کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیں گے، اور ایسی صورت میں سراج ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں، جبکہ یشسوی کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ ہندوستان کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بْمراہ جنہیں جنوری میں بارڈر۔گواسکر ٹرافی کے آخری ٹسٹ میںکمر کی چوٹ لگی تھی، اس وقت بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں صحتیابی کے دور سے گزرہے ہیں۔ انہیں ہندوستان کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، لیکن ان کی شمولیت کا انحصار حتمی فٹنس ٹسٹ پر ہوگا۔