محمد سلیم نے حجاج کرام کی واپسی کے انتظامات کا جائزہ لیا

   

عہدیداروں کے ساتھ ایرپورٹ کے حج ٹرمنل کا دورہ، 15 جولائی سے قافلوں کی واپسی
حیدرآباد ۔6۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا 15 جولائی سے آغاز ہوگا۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا ۔ انہوں نے حج ٹرمنل کے مختلف گوشوں کا معائنہ کیا اور حجاج کرام کو سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی۔ حجاج کرام کے قافلے 15 جولائی سے مدینہ منورہ سے واپس ہوں گے۔ روزانہ تین قافلوں کی واپسی عمل میں آئے گی۔ ایرپورٹ پر جی ایم آر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے صدرنشین وقف بورڈ کو انتظامات سے واقف کرایا۔ حجاج کرام کی واپسی پر انہیں ریفریشمنٹ کا انتظام کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ امیگریشن اور کسٹمس کے امور کی عاجلانہ تکمیل کریں۔ اس موقع پر جی ایم آر کے ارون بھیلا، ڈپٹی سی ای او سمیت کپور ، ریمپ منیجر مورتی ، ڈپٹی کمشنر کسٹمس شریمتی اکھیلا، اسسٹنٹ کمشنر کسٹمس نوین کھوکا، اسسٹنٹ کمشنر کسٹمس محمد احمد علی ، اسسٹنٹ کمشنر کسٹمس نائیڈو ، امیگریشن ڈپارمنٹ کے شانگم ، اسٹیشن منیجر راگھو ، وستارا ایر لائینس کے رویندر ٹھاکر ، اسسٹنٹ منیجر وستارا ایر لائینس انتونی کے علاوہ نوین ، منیش کمار (سی آئی ایس ایف) ، اویناش سریواستو ، سندیپ ، راکیش ، سجیت کمار ، انچارج اگزیکیٹیو آفیسر لیاقت حسین اور عرفان شریف موجود تھے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ حجاج کرام کے قافلوں کی مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ روانگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ مدینہ منورہ میں 8 دن قیام کے بعد حجاج کرام وستارا ایرلائینس کی خصوصی پروازوں سے وطن واپس ہوں گے۔ر